آسنسول میں ممتا کی جانب سے 65 منصوبوں کا سنگ بنیاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-28

آسنسول میں ممتا کی جانب سے 65 منصوبوں کا سنگ بنیاد

آسنسول
وجیہ الدین جمال/ایس این بی
وزیر اعلیٰ بننے کے بعد ممتابنرجی نے آج جمعرات کو پہلی بار یہاں سرکاری دورہ پر آئیں جہان پولیس لائن میدان میں منعقدہ تقریب میں انہوں نے بردوان ، پرولیا، بیر بھوم اضلاع کے65منصوبوں کے لئے بنیاد کی تختی کی نقاب کشائی کی ۔ ان منصوبوں میں آسنسول میں وزارت محنت کے تحت، محنت بھون کی بھی تعمیر شامل ہے ۔ اس کے بعد ممتا بنرجی نے آسنسول درگاہ پور کے لئے20عدد سٹی بسوں کو ہری جھنڈی دکھاکر ان کاعلامی افتتاحکیا۔ پھر کنیا شری اسکیم کے تحت طالبات کے لئے سائیکل کی تقسیم مختلف اسکیم کے تحت 2,2لاکھ ، 5ہزار،20ہزار روپے اور این ایس ڈی سی اسکیم کے پیشگی6لاکھ65ہزار روپے کے چیک دئیے، شکشا شری اسکیم کے تحت بھی چیک کی تقسیم کی ۔ آسنسول درگا پور پولیس کمشنر یٹ کے زیر اہتمام فٹ بال ٹورنا منٹ کی فاتح ٹیم کو20ہزار روپے کا چیک اور ٹرافی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے ہاتھوں دیا گیا ۔ سرکاری اسکیموں کے تحت تقسیمی سلسلے کے بعد وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی بردوان ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر سومتا موہن کی کنوینر شپ میں میلہ میدان پولیس لائن آسنسول میں تیار کردہ سرکاری منچ سے کھچا کھچ بھرے ہوئے سامعین کو خطاب کرنے کے لئے چار بج کر تین منٹ پر مائک پر آئیں اور سب سے پہلے ڈی ایم ، پولیس کمشنر ، ہوم سکریٹری، اے ڈی جی ، آئی جی ایس ڈی ایم، بی ڈی او، نذرل یونیورسٹی کی وائس چانسلر کے بعد بردوان ضؒ ع کے وزراء اور ایم ایل اے حضرات کا نام لے کر خطاب کرنے کے بعد ضلع انتظامیہ کو اتنے شاندار پروگرام کے انعقاد کے لئے مبارکباد پیش کی اور اعلان کیا کہ اب کسی بھی دستاویز کی تصدیق کے لئے خود سے تصدیق کرنے کی سہولت کے نفاذ کا ہوگا ۔ یعنی’’سیلف اٹیسٹیڈ ڈاکیو منٹ‘‘ تمام سرکاری و غیر سرکاری کاموں کے لئے جمع کئے جاسکیں گے ۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آسنسول میں شرامک بھون کی تعمیر کے لئے بنیاد رکھنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ8کروڑ روپے کا پروجیکٹ ہے جس کی تعمیر مکمل ہونے میں ڈیڑھ سے دو برس لگیں گے ۔ اس عمارت سے آسنسول درگا پورکے مزدوروں کے تمام مسائل حل ہوں گے ۔ اس طرح اب علاقہ کے لوگوں کوکولکاتا نہیں جانا ہوگا ۔ یعنی اب آپ کی سرکار آپ کے دوار آگئی ہے ۔
وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے حادثاتی اموات کی نذر ہونے والوں کے پسماندگان کے ورثاء کو ریاستی حکومت کے ذریعہ2لاکھ روپے کا معاوضہ کی ادائیگی وغیرہ جیسے اسکیم کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ نہیں چاہتی کہ لوگ حادثات اور خطرات میں جان گنوائیں، سب اچھے رہیں ، سب سکھی رہیں لیکن اگر کوئی حادثہ میں مرجاتا ہے اس کا خاندان بکھر جاتا ہے تو اس کے پسماندگان کے لئے سرکار حاضر ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نذر ل کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے نذرل کے نام سے یونیورسٹی آسنسول میں قائم کی گئی ہے ۔ اب نذر الاسلام کے نام سے ایئر پورٹ انڈال میں ہورہا ہے جس سے انڈال سے کوچ بہار، انڈال سے کولکاتا اور آہستہ آہستہ انڈال سے پوری دنیا کا رابطہ ہوگا ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے مدنا پور سے ایک اور متبادل قومی شاہراہ بنانے کا اعلان کیا جس پر3200کروڑ روپے خرچ آئیں گے ۔ ممتا بنرجی نے کٹوا میں 500میگا واٹ کا پاور پلانٹ قائم کئے جانے کی بات بھی کہی اور کہا کہ اس سے صنعتی علاقے کا بڑا مسئلہ حل ہوگا ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ بیر بھوم، درگا پور ، آسنسول، بانکوڑہ ، بردوان میں کوئلے کو صنعتی طور پر استعمال کرکے کام کیاجائے گا جس سے ہزاروں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔
ممتا بنرجی نے اپنی سرکاری کارکردگیوں کو شمار کراتے ہوئے کہا کہ100دنوں کے روزگار میں ریاست اول مقام پر ہے ۔ کنیا شری اسکیم کے نفاذ میں بھی ریاست کے اول مقام پر ہونے کا انہوں نے دعویٰ کیا ۔ آسنسول میں آسنسول درگا پور پولیس کمشنریٹ کے قیام اور آسنسول میں زنانہ تھانوں کے قیام کا بھی تذکرہ کیا ۔ 48عدد نئے تھانوں کے قیام کے منصوبہ کی یادہانی کرائی ۔ پولیس اہلکاروں کے لئے کوارٹروں کی تعمیر کا منصوبہ ریاستی حکومت کی ترجیحات کی فہرست میں شامل ہے ۔
آسنسول صنعتی علاقہ میں زمین دھنسنے کا بڑا مسئلہ ہے اور اس میں انسانی جانیں بھی تلف ہوتی ہیں ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے رانی گنج کی باز آباد کاری کا مژدہ سنایا اور آسنسول، کلٹی، رانی گنج ، بارہ بنی چتر نجن وغیرہ کو ملا کر آسنسول میگا سٹی بنانے کا اعلان کیا۔ اہل آسنسول کو امید تھی کہ ممتا بنرجی اپنا انتخابی وعدہ پورا کریں گی اور آسنسول کو ضلع بنانے کااعلان کریں گی لیکن ضلع بنانے کے وعدہ کو میگا سٹی بنانے میں تبدیل کردیا۔ آسنسول صنعتی علاقہ میں آلودگی کے سلسلہ میں انہوں نے کہا کہ چار جانب کا لوکا لو آچھے ، جس کو ختم کرکے آلو(روشنی) لائے گی سرکار ۔ چار بج کر تین منٹ پر شروع کی گئی تقریر 4:41بجے پر اپنے اختتامی مرحلہ پر پہنچ گئی ۔ تب ممتا بنرجی کو یاد آیا کہ وہ آسنسول میں خطاب کررہی ہیں ، جہاں اردو والے بھی ہیں اور انہوں نے ایک منٹ ہندی زبان میں کہا کہ میرے اردو ہندی والے بھائی بہن کے لئے اردو زبان کو سرکاری زبان کا درجہ دیا ہے اور اس کے ساتھ ، آلو چکی اور دیگر زبانوں کو بھی سرکاری زبان کا درجہ دیا ہے سب بخیر رہیں ۔ سب اچھے رہیں ، اس آرزو کے ساتھ انہوں نے4:42بجے اپنی تقریر ختم کی اور جے ہند کہہ کر اسٹیج سے اتریں اور درگا پور کے لئے روانہ ہوگئیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں