طوفان متاثرین کی مددکرنے کانگریس مرکز پر دباؤ ڈالے گی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-20

طوفان متاثرین کی مددکرنے کانگریس مرکز پر دباؤ ڈالے گی

وشاکھا پٹنم
پی ٹی آئی
کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج کہا کہ ان کی جماعت ساحلی آندھرا میں طوفان ہدہد سے متاثر عوام کی دیکھ بھال کرنے حکومت پر دباؤ ڈالے گی ۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی آنکھوں سے تباہ کاری کو دیکھنے خود یہاں آیا ہوں میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ جو کچھ ہم سے ہوسکے گا کریں گے ۔ اس شہر اور ریاست کے دیگر علاقوں کی تباہی کے بعد باز آبادکاری کے لئے ایک بار پھر ہم اٹھ کھڑے ہوں گے ۔ ویزاگ اسٹیل پلانٹ میں جو سب سے زیادہ متاثر ہوا ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ہم اس مسئلہ کو پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے اور انصاف کو یقینی بنانے حکومت پر دباؤ ڈالیں گے ۔ اداکار سے سیاست داں بنے سابق مرکزی وزیر چرنجیوی ، آندھرا پردیش کے صدر پردیش کانگریس کمیٹی این رگھوویرا ریڈی اور دیگر قائدین بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ طوفان سے50افراد کی موت ہوئی ہے ۔ وشاکھا پٹنم ، وزیا نگرم ، اور سریکا کولم اضلاع میں بھاری نقصان ہوا ہے ۔ یو این آئی کے بموجب راہل گاندھی ایسے وقت بندرگاہی شہر کا دورہ کررہے ہیں جب مہاراشٹرا اور ہریانہ میں ان کی پارٹی انتخابی شکست سے دوچار ہے۔ راہول گاندھی کے ہمراہ پردیش کانگریس کمیٹی آندھرا پردیش کے صدر رگھوویرا ریدی ، تلنگانہ کے صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا ، سابق اے پی سی سی صدر بوتسا ستیہ نارائنا ، اکار سے سیاست داں بننے والے چرنجیوی اور دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔
انہوں نے طوفان سے متاثرہ عوام میں ملبوسات تقسیم کئے۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ کانگریس طوفان متاثرین کو ہر ممکنہ مدد فراہم کرے گی۔ راہول گاندھی نے جئے پور ، گروجوا ، پوتنگی کے قبائلی کسانوں سے ملاقات کی ۔ ساحلی آندھرا پردیش اور اڈیشہ میں طوفان ہدہد کے بعد ہزاروں قبائلیوں کے گھر اور فصلیں تباہ ہوئے ہیں۔
آئی اے این ایس کے بموجب کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی شمالی ساحلی آندھرا کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور عوام کو تیقن دیا کہ ان کی پارٹی ساحلی شہر کی باز تعمیر کے لئے مرکزی حکومت پر دباؤ ڈالے گی ۔ راہول نے وشاکھا پٹنم اسٹیل پلانٹ کا دورہ کیا جو طوفان ہدہد سے تباہ ہوگیا ۔ انہوں نے ملازمین سے بات کی اور تیقن دیا کہ کانگریس ارکان پارلیمنٹ مرکزی حکومت کی جانب سے نقصانات کی پابجائی کے لئے معاوضہ فراہم کرنے جدو جہد کرے گی ۔ امیٹھی کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ وہ بذات خود عوام کو درپیش دشواریوں کا جائزہ لینے یہاں آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات افسوسناک ہے کہ سرسبزو شاداب خوبصورت شہر تباہی سے دوچار ہوا ۔ کانگریس قائدین کے ہمراہ راہول گاندھی نے دیگر متاثرہ شہروں کا بھی دورہ کیا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں