پٹنہ میں دسہرہ تقریب کے دوران بھگدڑ - 32 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-04

پٹنہ میں دسہرہ تقریب کے دوران بھگدڑ - 32 ہلاک

پٹنہ
پی ٹی آئی
بہار کے دارالحکومت پٹنہ کے وسیع و عریض گاندھی میدان میں آج شام دسہرہ پوجا کے اختتام پر زبردست بھگدڑ مچ گئی جس میں کم از کم32افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوگئے ۔ مہلوکین میں20خواتین اور10بچے شامل ہیں۔ عینی شاہدین اور عہدیداروں نے بتایا کہ حادثہ شام7بجے میدان کے جنوب مشرقی گوشہ میں اس وقت پیش آیا جب راون کو ہلاک کرنے کا مشاہدہ کرنے کے بعد لوگ واپسی کے لئے پلٹے۔ مذہبی تقریب میں ہزاروں افراد شریک تھے ۔ بتایاجاتا ہے کہ میدان کے جس حصہ میں بھگدڑ مچی وہاں روشنی کا خاص انتظام نہیں تھا۔ پ ٹنہ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سدھانشو سنگھ نے بتایا کہ32افراد ہلاک ہوئے۔ سنگھ نے بتایا کہ مہلوکین میں7لڑکیوں کے بشمول10بچے ہیں۔26افراد زخمی ہوئے جن کا علاج کیاجارہا ہے ۔ چیف منسٹر جتن رام مانجھی نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ۔ انہوں نے مہلوکین کے لئے فی کس3لاکھ روپے ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جانی نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے لئے فی کس دو لاکھ روپے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق میدان میں ایک انتہائی ہائی ٹینشن برقی تار کے گر جانے کی افواہوں کے بعد بھگدڑ مچ گئی تاہم بھگدڑ کی وجوہات کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی توثیق نہیں کی گئی۔ بھگدڑ کی جگہ تقریباً ایک کلو میٹر تک جوتے اور چپل بکھرے ہوئے تھے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ لوگ بد حواسی کے عالم میں دوڑ پڑے ۔ کچھ لوگ رو رہے تھے اور بھگدڑ میں جدا ہونے والے رشتہ داروں کو تلاش کررہے تھے۔ پٹنہ ضلع مجسٹریٹ منیش کمار ورما نے کہا کہ میدان سے باہر نکلنے کی گیٹ کی طرف زبردست ہجوم جمع ہوگیا، خوفزدہ ہجوم کی بھگدڑ میں کئی خواتین اور بچے کچلے گئے ۔ تقریب میں چیف منسٹر بہار خود بھی موجود تھے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں