مسئلہ فلسطین عرب دنیا کے ایجنڈہ میں برقرار رہے گا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-13

مسئلہ فلسطین عرب دنیا کے ایجنڈہ میں برقرار رہے گا

قاہرہ
پی ٹی آئی
مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے آج کہا کہ مسئلہ فلسطین عرب دنیا کا اصل ایجنڈہ ہے اور برقرار رہے گا ۔ انہوں نے اسرائیل سے خواہش کی کہ وہ فلسطینیوں کے ساتھ امن معاملت کرے ۔ سیسی نے غزہ کے لئے فنڈس اکٹھا کرنے بین الاقوامی ڈونر کانفرنس میں اپنے افتتاحی ریمارکس میں کہا کہ میں اسرائیلی عوام اور حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ یہ وقت تنازعہ کو ختم کرنے کا ہے تاکہ خوشحالی آئے اور ہم سب امن و سلامتی کے ساتھ رہ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم فلسطینی کاز کی تائید کرتے رہیں گے ۔ ہم اسے عرب دنیا کی ترجیح بنائیں گے ۔ غزہ کی تعمیر نو کے لئے ڈونر کانفرنس قاہرہ میں منعقد ہورہی ہے جس میں 50ممالک بشمول ہندوستان ، امریکہ اور روس شرکت کررہے ہیں ۔ اس کا مقصد غزہ کی تعمیر نو کے منصوبے بنانا ہے ۔ مصری صدر نے کہا کہ غزہ کی تعمیر نو میں مستقل صلح بھی شامل ہے اور یہ مسئلہ فلسطین کے جامع حل سے مربوط ہے ۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے اپنی تقریر میں کہا کہ غزہ کو کثیر وسائل کی ضرورت ہے ۔غزہ تعمیر نو کا نفرنس کا مقصد کئی بلین ڈالر اکٹھا کرنا ہے تاکہ تقریباً17ہزار مکانات تعمیر کئے جائیں جو51دن کے تصادم میں اسرائیلی بمباری میں ڈھیر ہوگئے ۔ اس ٹکراؤ میں200سے زائد فلسطینی ہلاک ہوئے تھے اور دیگر ایک لاکھ بے گھر ہوئے ۔ کانفرنس کا مشترکہ اہتمام مصر اور ناروے نے کیا ہے اور اس میں سکریٹری جنرل اقوام متحدہ بان کیمون ، امریکی وزیر خارجہ جان کیری،30وزرائے خارجہ اور مختلف عالمی مالیاتی و انسانی امداد کے ادارے شرکت کررہے ہیں ۔ قبل ازیں فلسطینی حکومت نے جنگ زدہ علاقہ کی تعمیر نو کے لئے تقریباً4بلین امریکی ڈالر کا مطالبہ کیا تھا ۔ جولائی اور اگست کے دوران اسرائیل اور حماس کی لڑائی میں غزہ میں 2000سے زائد فلسطینی مارے گئے تھے جن میں زیادہ تر شہری تھے۔ اسرائیل کے64فوجی اور پانچ شہری بھی ہلاک ہوئے تھے ۔ اسی دوران اسرائیل نے بین الاقوامی ڈونر کانفرنس میں اسے مدعو نہ کرنے پر اعتراض کیا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں