جموں و کشمیر میں انتخابات کے مسئلہ پر رواں ہفتہ اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-16

جموں و کشمیر میں انتخابات کے مسئلہ پر رواں ہفتہ اعلان

سری نگر
یو این آئی
سیلاب زدہ جموں و کشمیر میں مقررہ وقت پر اسمبلی انتخابات کرانے یا نہ کرانے سے متعلق اعلان رواں ہفتے کے اواخر میں متوقع ہے ۔ ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر وی ایس سمپت اور الیکشن کمشنر ایچ ایس برہما و نسیم زیدی 2دن بعد ریاست کا دورہ کررہے ہیں جہاں وہ ریاست کی مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کریں گے ۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کو چھوڑ کر تقریباً سبھی جماعتوں نے وقت پر انتخابات کرانے کی وکالت کی ہے ۔ مختلف جماعتوں کی ریاست میں انتخابات وقت پر کرانے سے متعلق آمادگی گزشتہ ہفتے اس وقت سامنے آگئی جب ڈپٹی الیکشن کمشنر ونود زتشی ریاست کے دورے پر آئے ہوئے تھے جہاں انہوں نے مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے بات چیت کی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے دورہ ریاست کے موقع پر مقررہ وقت پر انتخابات کرانے یا نہ کرانے سے متعلق اعلان بھی متوقع ہے ۔ نیشنل کانفرنس جماعت کا ماننا ہے کہ سیلاب متاثرین کی باز آباد کاری موجودہ وقت کا اہم تقاضہ ہے ۔ گزشتہ روز ریاستی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ جو نیشنل کانفرنس کے کارگزار صدر بھی ہیں ۔ نے واضح کردیا کہ ریاست میں انتخابات کے لئے فی الحال حالات سازگار نہیں ہے۔ انہیں خدشتہ ہے کہ اگر ان حالات میں انتخابات کا بگل بجا یا گیا تو سری نگر میں صفر فیصد پولنگ ہوگی جہاں عام طور پر ووٹنگ کی شرح کم ہی رہتی ہے ۔
حالیہ سیلاب میں ریاست کے دوسرے اضلاع کے مقابلے میں سری نگر سب سے زیادہ متاثر رہا جہاں ہزاروں مکانات زمین بوس ہوئے ، ہزاروں تاجر متاثر ہوئے اور دیگر تعمیری ڈھانچوں کو زبردست نقصان پہنچا۔ جانکار حلقوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ سیلاب کو آئے 40دن کا عرصہ گزر گیا لیکن ابھی بھی سری نگر میں معمولات زندگی بحال نہیں ہوئے ہیں ۔ ان حالات میں نیشنل کانفرنس نہیں چاہے گی کہ متاثرین کے پاس امداد پہنچانے کے بجائے ان سے ووٹ کا مطالبہ کیا جائے ۔ ضلع سری نگر دہائیوں سے نیشنل کانفرنس کا گڈھ رہا ہے اور اس وقت بھی ضلع کی آٹھوں اسمبلی حلقوں کی نمائندگی اسی جماعت کے لیڈران کررہے ہیں۔ اس لئے این سی جماعت کے لئے سیلاب متاثرین کی باز آبادکاری پہلی ترجیح ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں