طوفان ہدہد کے متاثرین کو جنوبی ہند فلمی برادری کی فراخدلانہ امداد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-16

طوفان ہدہد کے متاثرین کو جنوبی ہند فلمی برادری کی فراخدلانہ امداد

حیدرآباد /واشنگٹن
یو این آئی/اے این ایس
طوفان ہدہد کے متاثرین کو نہ صرف تلگو بلکہ تامل فلم برادری سے بھی عطیات موصول ہورہے ہیں ۔ طوفان سے شہر وشاکھا پٹنم کے بشمول ساحلی آندھرا کے چار اضلاع کو نہ صرف ہزاروں کروڑ روپے کا نقصان پہنچا بلکہ فلم انڈسٹری بھی بھاری خسارہ سے دوچار ہوئی ہے ۔ بالخصوص دگو باٹی خاندان کو شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔ دگو باٹی خاندان ، راما نائیڈو اسٹوڈیوز کا مالک ہے جو وشاکھا پٹنم۔ بھیملی بیچ روڈ پر واقع ایک پہاڑی پر33ایکر اراضی پر قائم ہے ۔ ہدہد جب ویزاگ کے ساحل سے ٹکرایا تو اسٹیڈیو میں کام کاج ٹھپ ہوگیا ۔ اسٹیڈیو کے احاطہ میں موجود تمام درخت اکھڑ گئے۔ اسٹوڈیو کی چھت تیز ہوا لے اڑی ۔ آندھی طوفان سے کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور فرنیچر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ۔ برقی کھمبے مڑ گئے اور عدالت ، پولیس اسٹیشن اور متوسط گھرانے کے مکان کا سیٹ اور مین فلور تباہ ہوگیا ۔ اس کے علاوہ دگو باٹی سریش شہر میں کئی تھیٹروں کے مالک ہیں اور طوفان سے کئی تھیٹروں کو نقصان پہنچا ۔ تھیٹروں کی چھتیں اڑ گئیں ۔ شیشوں کے دروازے اور کھڑکیوں کے علاوہ نشستوں کو بھی نقصان پہنچا ۔ اسی دوران پروڈیوسر راما نائیڈو کے خاندان نے ہدہد متاثرین کے لئے50لاکھ روپے کے عطیہ کا اعلان کیا ہے ۔ جب کہ تلگو اداکار اور ہندو پور کے رکن اسمبلی این بالا کرشنا نے جو چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو کے نہ صرف برادر نسبتی ہوتے ہیں بلکہ سمدھی بھی ہیں، طوفان متاثرین کے لئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں30لاکھ روپے کا عطیہ دیا ۔ انہوں نے15لاکھ روپے مالیتی 20ٹن چاول ، اور گھریلو سازو سامان بھی بطور امداد روانہ کیے ۔ ناگر جنا نے طوفان متاثرین کے لئے20لاکھ روپے کا عطیہ دیا ۔ روی تیجا نے بھی طوفان متاثرین کو20لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا۔
سینئر اداکار کرشنا اور ان کی اہلیہ وجئے نرملا نے چیف منسٹرس ریلیف فنڈ میں25لاکھ روپے کا عطیہ دیا۔ پربھا س نے بھی20لاکھ روپئے کی امداد روانہ کی جب کہ الاری نریش نے5لاکھ روپئے اور اداکار نتن نے10لاکھ روپے کا عطیہ دیا ۔ تامل فلم برادری نے بھی عطیات روانہ کئے ۔ سوپر اسٹار سوریہ اور اداکار کارتی کے خاندان نے چیف منسٹرس ریلیف فنڈ میں50لاکھ روپے کا عطیہ روانہ کیا ۔ اسی دوران امریکہ میں مقیم تلگو برادری نے بھی طوفان ہدہد کے متاثرین کے لئے ایک لاکھ امریکی ڈالر کی عبوری امدا د کا اعلان کیا ہے۔ امریکہ کی سب سے بڑی تلگو تنظیم تلگو اسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ( تانا) نے شمالی ساحلی آندھرا کے اضلاع کے لئے طوفان ہدہد کی بے نظیر تباہ کاریوں پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نہ صرف راحت و باز آباد کاری اقدامات میں حکومت کا تعاون کرے گی بلکہ طویل مدتی اقدامات میں بھی حکومت کا ہاتھ بٹائے گی۔ تانا کے صدر نشین این موہن نے بتایاکہ آندھرا پردیش نے اپنے دارالحکومت کے لئے ابھی ابھی تو انفراسٹرکچر کی تعمیر اور انتظامی ضرورتوں کی تکمیل کا آغاز کیا تھا کہ اس پر آفات سماوی نے تباہی نازل کردی ۔ اس طرح ترقیاتی سرگرمیوں کو زک پہنچی ہے ۔ سکریٹری تانا ستیش ویمنا نے بتایا کہ ہم چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کر کے انہیں امدادی چیک حوالے کریں گے ۔ تانا کی قیادت نے شمالی امریکہ میں مقیم تلگو عوام اور دیگر این آر آئیز سے درخواست کی ہے کہ وہ طوفان ہدہد کے متاثرین کی فراخدلانہ امداد کریں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کاز کے لئے تانا کو حاصل ہونے والے فنڈز راست راحت کاری سرگرمیوں کے لئے روانہ کردئیے جائیں گے ۔

South Indian film industry have put forth their best foot in helping the hudhud cyclone victims.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں