منیٰ روانگی کے ساتھ مناسک حج کا آج آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-02

منیٰ روانگی کے ساتھ مناسک حج کا آج آغاز

مکہ معظمہ
پی ٹی آئی
اقطاع عالم سے آئے تقریباً25لاکھ مسلمان بشمول ایک لاکھ36ہزار ہندوستانی عازمین حج، سال حال سعادت حج اکبر سے مشرط ہوں گے ۔ مناسک حج کی ادائیگی کا آغاز’جمعرات2اکتوبر سے ہوگا۔ جب تمام عازمین ، وادی منیٰ میں جمع ہوں گے ۔ یہ عازمین آج رات دیر گئے یا کل علی الصبح منیٰ کے لئے روانگی شروع کردیں گے ۔ دریں اثناء مکہ معظمہ میں کعبۃ اللہ شریف کا طواف جاری ہے جس میں ہزاروں عازمین مشغول ہیں۔مسجد الحرام میں عازمین کے کثیر اجتماع کے سبب تل دھرنے جگہ نہیں ہے ۔ یہ خوش نصیب عازمین، خیموں کے شہر منیٰ میں قرآن حکیم کی تلاوت کرتے ہوئے اور نمازیں ادا کرتے ہوئے رات گزاریں گے ۔ امسال ایک لاکھ36ہزار ہندوستانی عازمین، گروپوں کی شکل میں منیٰ پہنچیں گے ۔ حج کے رکن اعظم وقوف عرفات کی تکمیل جمعہ3اکتوبر کو ہوگی جب دنیا بھر سے آئے تقریباً25لاکھ عازمین حج میدان عرفات میں جمع ہوں گے ۔ مناسک حج کی تکمیل شنبہ کو عیدالاضحٰی کے موقع پر قربانی کی ادائیگی پر ہوگی ۔ دنیا کے اس سب سے بڑے عالمی اجتماع کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں ۔ گورنر مکہ پرنس مشعل بن عبداللہ نے بتایا کہ مناسک حج کا کل آغاز ہوگا۔ اللہ کے مہمانوں کے خیر مقدم کا منصوبہ کامیاب رہا۔ تمام سرکاری و خانگی ایجنسیاں اپنے انسانی اور تکنیکی و سائل کو روبہ کار لائیں تاکہ اس سالانہ فریضہ کی ادائیگی کو عظیم تر کامیابی سے ہمکنار کیاجائے ۔ پرنس مشعل نے جو سنٹرل حج کمیٹی کے صدر نشین ہیں، سیکوریٹی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ حج پرمٹس نہ رکھنے والے عازمین کو مقدس شہروں میں داخل ہونے نہ دیں اور خلاف ورزی کرنے والوں پر تحدیدات عائد کردیں ۔ سعودی عرب نے مکہ معظمہ مدینہ منورہ اور دیگر مقدس شہروں میں عازمین کی حفاظت س سلامتی کو یقینی بنانے زائد از70ہزار عہدیداروں کو متعین کیا ہے ۔ فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے متعدد بیرونی سربراہان مملکت بشمول صدر بنگلہ دیش عبدالحمید ، صدر سوڈان عمر بشیر ، صدر صومالیہ حسن شیخ محمود اور صدر مالدیپ یامین ، مکہ معظمہ پہنچ چکے ہیں ۔ پہلی مرتبہ سعادت حج سے مشرف ہونے ولے عازمین کو فرط مسرت سے سرشار دیکھا گیا ۔ مناسک حج کے آغاز سے ایک دن قبل ان عازمین کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو چھلک رہے تھے ۔ عزیزیہ میں ٹھہرے ہوئے ایک ہندوستانی عازم محمد شاہد نے بتایا کہ ’’ہندوستانی حج مشن اور سعودی حکومت کی طرف سے کئے گئے انتظامات بہت بہتر ہوں ۔ ہماری تمام ضرورتوں پر توجہ دی جارہی ہے اور اگر کوئی مسئلہ ہمیں درپیش ہو تو حل کیاجارہا ہے ۔‘‘
بنگلہ دیش کے ایک عازم حج( جوائنٹ سکریتری وزارت اطلاعات بنگلہ دیش) محمد نصیر الدین احمد نے بتایا کہ وہ پہلی بار فریضہ حج ادا کررہے ہیں اور فرط مسرت کے جذبات سے سرشار ہیں ۔’’میں اپنے ملک کے لئے اور ساری امت مسلمہ کے لئے دعا کروں گا ۔ یہ اللہ تعالیٰ کاکرم ہے کہ مجھے حج کی ادائیگی کا اعزاز بخشا گیا ہے ۔‘‘ سعودی محکمہ موسمیات کی اطلاع کے بموجب مکہ معظمہ ، مدینہ منورہ اوردیگر مقامات مقدسمہ میں موسم معتدل رہے گا ۔ درجہ حرارت36ڈگری سلسیس سے کم رہے گا۔ حالیہ برسوں میں سعودی حکومت نے عازمین حج کی سہولت کے لئے اور ان کی سلامتی کو یقینی بنانے کئی پراجکٹس مکمل کئے ہیں ۔ سال حال یہ پہلا موقع ہے کہ مسجد الحرام کے توسیع شدہ حصوں کو استعمال کیا گیا ہے جب کہ تعمیراتی کام دیگر(متصلہ) مقامات پر جاری ہے ۔ 60بلین ڈالر کے مصارف سے مسجد الحرام کی توسیع کے نتیجہ میں کعبۃ اللہ شریف کے اطراف عازمین کے لئے نماز ادا کرنے کا رقبہ تقریباً دگنا ہوجائے گا ۔ اس توسیع کا تقریباً67فیصد کام مکمل ہوچکا ہے ۔ علازہ ازیں4.2بلین سعودی ریال کے مصارف سے ہائی ٹیک ہمہ منزلہ جمرات پل پراجکٹ کاکام بھی گزشتہ چند برسوں سے جاری ہے جس سے جمرات پل پر سے شیطان پر کنکریاں مارنے میں سہولت ہوگی ۔ ماضی میں اس مقام پر بھگدڑ کے واقعات پیش آئے تھے۔ منیٰ میں نو توسیع شدہ جمرات پل پر سے فی گھنٹہ5لاکھ عازمین حج رمی جمار کرسکیں گے ۔ سعودی وزیر بلدی و دیہی امور منصور بن میطب نے یہ بات بتائی اور کہا کہ’’جمرات پہنچنے والے راستوں سے اس قدر تعداد میں عازمین نہیں گزر سکتے ۔ نتیجتاً پل کو اب فی گھنٹہ صرف3لاکھ عازمین استعمال کرسکتے ہیں۔ منیٰ کے راستوں کو بھی چوڑا کرنے کا منصوبہ ہے ۔‘‘
جدہ سے موصولہ اطلاع کے بموجب ایک لاکھ36ہزار20ہندوستانی عازمین حج میں109سالہ انجیل حسین بشواس( ساکن مرشدآباد ، مغربی بنگال) اور100سالہ عبدالرحیم (ساکن باغپت ، اتر پردیش) شامل ہیں ،۔ یہ دونوں ، تمام ہندوستانی عازمین میں سب سے زیادہ عمر رسیدہ ہیں ۔، ایک تیسرے معمر اور خوش نصیب عازم حج مرادآباد، یوپی کے رہنے والے فدا حسین ہیں جن کی عمر98سال ہے۔ یہ تینوں عازمین ہندوستان کی مرکزی حج کمیٹی کے توسط سے حج ادا کرنے پہنچے ہیں ۔ ایک لاکھ36ہزار20مرکزی حج کمیٹی کے توسط سے سعودی عرب پہنچے ہیں جب کہ مابقی ہندوستانی عازمین نے خانگی ٹورآپریٹرس کے توسط سے یہ مقدس سفر کیا ہے ۔ ہندوستانی قونصل جنرل بی ایس مبارک نے بتایا کہ تمام ہندوستانیوں کو آسانی کے ساتھ فریضہ حج کی ادائیگی کا موقع دینے کے لئے سارے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور ہر کام ، منصوبہ کے مطابق پورا ہورہا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں