آندھرا پردیش کے لئے ایک ہزار کروڑ کی عبوری امداد کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-15

آندھرا پردیش کے لئے ایک ہزار کروڑ کی عبوری امداد کا اعلان

وشاکھاپٹنم/نئی دہلی
آئی اے این ایس، پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے طوفان ہدہد سے بری طرح متاثرہ ریاست آندھرا پردیش کے لئے ایک ہزار کروڑ روپے کی عبوری راحت کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ نقصانات کا تفصیلی تخمینہ لگائے جانے کے بعد بھرپور امداد فراہم کی جائے گی۔ نریندر مودی نے طوفان سے بد ترین متاثرہ بندرگاہی شہر وشاکھاپٹنم کے بعض مقامات کا دورہکرنے کے بعد یہ اعلان کیا ۔ انہوں نے اے پی کے چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس بھی منعقد کیا جس کے بعد عبوری امداد کا اعلان کیا۔ نریندر مودی نے شمالی ساحلی آندھرا اور اڈیشہ کے طوفان سے متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ بھی کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک عظیم تباہی ہے ۔ انہوں نے حکومت اے پی کو تیقن دیا کہ پریشانی کی اس گھڑی میں مرکزی حکومت تمام تر تعاون فراہم کرے گی ۔ انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نقصانات کاتفصیلی جائزہ لینے کے لئے وہ ایک مرکزی ٹیم بھی روانہ کریں گے ۔ انہوں نے طوفان میں مرنے والوں کے ورثاء کے لئے فی کس2لاکھ روپے اور زخمیوں کے لئے فی کس50ہزار روپے امدا د کا اعلان کیا ۔ یہ امداد وزیر اعظم ریلیف فنڈ سے جاری کی جائے گی ۔ وزیر اعظم نے سب سے پہلے وشاکھا پٹنم ایر پورٹ پہنچتے ہی ایر پورٹ کے تباہ شدہ حصوں کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے کہاکہ طوفان نے ایک ایسے وقت وشاکھا پٹنم کو تباہ کردیا ہے جب وہ اسے ایک اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنارہے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ صرف15دن قبل میں اس شہر کو اسمارٹ شہر میں تبدیل کرنے کے اپنے خواب کو لے کر بہت خوش تھا۔ اچانک یہ آفت آپہنچی تاہم مجھے اعتماد ہے کہ ہم اس بحران پر قابو پالیں گے ۔انہوں نے طوفان سے قبل ہی انتباہ جاری کردینے پر محکمہ موسمیات کی ستائش کی۔طوفان کے رخ ، شدت اور وقت سے متعلق صحیح صحیح پیشین گوئی کرنے پر بھی انہوں نے ماہرین کی تعریف کی ۔ مودی نے کہا کہ5دن تک مرکزی و ریاستی حکومتوں نے بہترین تال میل کے ساتھ کام کیا جس کے نتیجہ میں انسانی جانوں کا کم سے کم اتلاف ہوا ۔ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ مرکز اور ریاست کو صحیح سمت میں شانہ بشانہ مل کر کام کرنا چاہئے اس طرح ہم بڑے سے بڑے چیلنجوں پر قابو پاسکتے ہیں ۔ وزیر اعظم نے وشاکھاپٹنم کے عوام کی ہمت و جرات کی بھی ستائش کی اور کہا کہ پانی و برقی کی سربراہی اور مواصلات کا نظام چندے گھنٹے میں بحال کردیاجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی تنصیبات جیسے پوسٹ گارڈ ، بحریہ، ریلویز، ایرلائنس اور قومی شاہراہوں کو بھی طوفان سے شددی نقصان پہنچا۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں علیحدہ سروے انجام دئیے جائیں گے اور مرکز ان نقصانات کی پابجائی کے لئے بھرپور امداد فراہم کرے گا۔ مودی نے کہا کہ طوفان سے کسانوں کو بھی شدید نقصان اٹھانا پڑا کیونکہ ان کی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ عوامی املاک کو پہنچے نقصان کا مشاہدہ کرتے ہوئے انہوں نے انشورنس کمپنیوں سے کہا کہ وہ اپنے عہدیداروں کو وشاکھا پٹنم روانہ کریں اور نقصانات کی پابجائی کی تکمیل میں ہمدردانہ رویہ اختیار کریں ۔ چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے قبل ازیں مرکز سے2000کروڑ روپے کی ابتدائی امدا دطلب کی تھی اور مودی سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ طوفان کو قومی آفت قرار دیں ۔ قبل ازیں ایرپورٹ پر گورنر ای ایس ایل نرسمہن چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو ، مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو اور پی اشوک گجپتی راجو کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے نریندر مودی کا استقبال کیا ۔ اتوار12اکتوبر کو شاکھا پٹنم کے ساحل سے ٹکرانے والے طوفان ہدہد نے زبردست تباہی پھیلائی جس میں اے پی کے21افراد اور اڈیشہ کے4افراد ہلاک ہوگئے ۔ برقی مواصلاتی نٹ ورک ،سڑکوں اور فصلوں کو شدید ترین نقصان پہنچا ۔ ریاست کے سب سے بڑے شہر کو سردست ناقابل بیان مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔

Rs.1000 crore interim relief to cyclone-hit Andhra

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں