فن خطاطی کے فروغ کے لیے قومی اردو کونسل کا ملکی سطح پر ورکشاپ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-21

فن خطاطی کے فروغ کے لیے قومی اردو کونسل کا ملکی سطح پر ورکشاپ

Promotion-of-Urdu-calligraphy-workshop-NCPUL
فن خطاطی کو مزید فروغ دینے کے مقصد سے قومی اردو کونسل ملکی سطح پر نمائش اور ورکشاپ کا انعقاد کرے گی: پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین
قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، حکومت ہند کے زیر اہتمام فن خطاطی کو مزید فروغ دینے کے مقصد سے اردو بھون میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں فن خطاطی کو روزگار اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے سے متعلق غورو خوض کیا گیا۔ملک کی مختلف ریاستوں سے آئے خطاط اور ماہرین کا استقبال کرتے ہوئے کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین نے کہا کہ کونسل فن خطاطی کو فروغ دینے کی غرض سے ملک بھر میں 53مراکز چلا رہی ہے جن کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ ان مراکز کے ساتھ ساتھ کونسل اب اردو والوں کو اس قدیم ورثے سے جوڑنے اور فن خطاطی کے تئیں نئی نسل میں ذوق و شوق پیدا کرنے کے لیے ملک کی مختلف ریاستوں میں کیلی گرافی نمائش کا بھی اہتمام کیا کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ کونسل آئندہ ماہ نومبر میں کل ہند کیلی گرافی نمائش کا اہتمام دہلی میں کرنے جا رہی ہے، جس میں بڑی تعداد میں ماہرین اور کونسل مراکز کے اساتذہ شرکت کریں گے تاکہ کیلی گرافی اساتذہ کو تربیت دی جا سکے اور انھیں اس فن کی باریکیوں سے بخوبی واقف کرایا جا سکے۔ انھوں نے کہا فن خطاطی اردو زبان و ادب اور تہذیب کا ایک اہم ورثہ ہے جس کے تحفظ اور ترقی کے لیے کونسل ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔
اس موقع پر کونسل کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر ڈاکٹر شمع کوثر یزدانی نے اجلاس کو فن خطاطی سے متعلق کونسل کی سرگرمیوں اور کارکردگی سے واقف کرایا ۔ انھوں نے کہا کہ سابقہ نمائشوں اور ورکشاپ سے کونسل کو حوصلہ افزا نتائج حاصل ہوئے ہیں۔ میٹنگ میں ماہرین نے بھی اپنی تجاویز کونسل کو پیش کیں۔ فن خطاطی سے متعلق کونسل کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے ماہرین نے کہا کہ ٹکنالوجی کے اس دور میں فن خطاطی کو فروغ دینے کے مزید امکان روشن ہوئے ہیں۔ یہ فن خطاطی کے روشن مستقبل کے لیے ایک خوش آئند بات ہے۔
قومی اردو کونسل کے ریسرچ آفیسر جناب انتخاب احمد نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا، میٹنگ میں معروف خطاط جناب انیس صدیقی، جناب خورشید عالم، جناب ریاض الحسن، جناب عثمان علی انصاری کے علاوہ فیض الاسلام فیضی اور پروجیکٹ اسسٹنٹ محمد قاسم نے بھی شرکت کی۔

(رابطہ عامہ سیل)

Promotion of Urdu calligraphy workshop by NCPUL

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں