پی ٹی آئی
جموں کشمیر اسمبلی میں پیوپلز ڈیموکریٹک پارٹی(پی ڈی پی) کے رکن اسمبلی و ممتاز شیعہ عالم مولوی افتخار حسین انصاری کا آج طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔ ان کے ارکان خاندان نے بتایا کہ74سالہ انصاری زائد از یک سال سے علیل تھے اور آج صبح کی اولین ساعتوں میں ان کا انتقال ہوگیا۔ پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ دو لڑکے اور ایک دختر ہیں ۔ وہ شمالی کشمیر کے پٹن حلقہ سے چار مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے1960کے اوائل میں کانگریس قائد کی حیثیت سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا ۔ 1973میں انہیں کانگریس کے ٹکٹ پر ریاستی قانون ساز کونسل کا رکن بنایا گیا تھا ۔ بہر حال1977میں انہوں نے جنتا پارٹی میں شمولیت اخیار کرلی تھی ۔ انصاری28اپریل 1940کو پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے ایران، مصر اور عراق میں علم دین کی تعلیم حاصل کی تھی۔ وہ1980کے دہے میں کانگریس میں واپس ہوئے اور1983میں ریاستی اسمبلی میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے قائد منتخب کئے گئے اور1987تک اس عہدہ پر فائز رہے ۔ نیشنل کانفرنس میں مختصر عرصہ تک شامل رہے اور اس دوران فاروق عبداللہ حکومت میں انہیں وزیر بھی بنایا گیا ۔ انصاری نے2006میں پارٹی چھوڑ دی اور پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے پارٹی وابستگی سے بالاتر ہوکر ان کی قیام گاہ کا دورہ کیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
PDP MLA Iftikhar Hussain Ansari passes away
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں