مرکزی حکومت کی ای پی ایس پنشنرس اسکیم کا حیدرآباد میں آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-01

مرکزی حکومت کی ای پی ایس پنشنرس اسکیم کا حیدرآباد میں آغاز

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
مرکزی وزیر شہری ترقیات ایم وینکیا نائیدو نے آج نوجوانوں سے درخوست کی کہ وہ اپنے ضعیف اور معمر والدین کے ساتھ نیک برتاؤ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے نوجوان مغربی ممالک کی تقلید کر کے اپنے والدین کو اپنے ساتھ رکھنے کے بجائے اولڈ ایج ہوم میں داخل کررہے ہیں۔ انہوں نے ان کے اس مخالف والدین رویہ کو غیر مہذب اور انتہائی بد بختانہ قرار دیا ۔ وینکیا نائیڈو آج رویندر بھارتی سیف آباد میں منعقدہ ای پی ایس پنشنرس کے تہنیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب کو مخاطب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی تہذیب کا شمار دنیا کی قدیم تہذیبوں میں ہوتا ہے ۔ ہماری تہذیب میں والد اور والدہ کا احترام کرنا اور ان کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کے بارے میں بتایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج نوجوان جو اپنے والدین کے ساتھ غلط سلوک کرکے انہیں گھر سے باہر نکال رہے ہیں اور انہیں اولڈ ایج ہوم میں داخل کررہے ہیں ، چند سال کے بعد وہ بھی ضعیف اور معمر ہوجائیں گے ۔ ان کی اولاد ان کے ساتھ بھی وہی رویہ اختیار کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ای پی ایس پنشنرس کو ہر ماہ کم ازکم1000روپے پنشن جاری کرنے کے لئے مرکزی حکومت کے بجٹ میں11000کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں 49لاکھ ای پی ایس پنشنرس کی تعداد ہے ۔ ان میں32لاکھ پنشنرس جو ہر ماہ1000روپے سے کم پنشن حاصل کررہے ہیں ، اس میں اضافہ کر کے1000روپے کردیا گیا ہے ۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ حلقہ سکندرآباد بنڈارودتاتریہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے غریبوں کو مالی مدد پہنچانے کے لئے ای پی ایس پنشنرس کو ماہانہ1000روپے جاری کرنے کی اسکیم کا آغاز کیاتھا ۔ جو ای پی ایس پنشنرس ماہانہ صرف25تا30روپے حاصل ہوتے تھے اب انہیں ہر ماہ1000روپے حاصل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اور مرکزی حکومت کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے غیر منظم شعبہ میں کام کرنے والے ملازمین ، آؤٹ سورسنگ اور کنٹراکٹ ایمپلائز اور دیگر شعبوں میں کام کرنے والوں کی سلامتی کے لئے بھی ماہانہ1000روپے ای پی ایس پنشن جاری کرنے کے اقدامات کرنا چاہئے ۔

Minimum EPS Pension Enhanced from Today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں