مہارشٹرا وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا کل فیصلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-27

مہارشٹرا وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا کل فیصلہ

ممبئی
پی ٹی آئی
مہاراشٹرا کا چیف منسٹر کون ہوگا ؟ اس کا فیصلہ منگل کو ہوگا جب کہ بی جے پی مقننہ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں نو منتخب ارکان اسمبلی کے لیڈر کا انتخاب کیاجائے گا ۔ پارٹی مقننہ لیڈر کے انتخاب کے بعد گورنر سی ایچ ودیا ساگر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے تشکیل حکومت کی راہ ہموار ہوجائے گی۔ بی جے پی کے لیڈر کے انتخاب پر الجھن اور تجسس کے سایہ بدستور پائے جاتے ہیں جب کہ پارٹی کے دو سینئر قائدین نے بر سر عام اظہار خیال سے منع کرنے دہلی کی ہدایت کو نظر انداز کردیا ۔ سدھیر منگن تیوار نے اپنے سیاسی گروہ اور مرکزی وزیر نتن گڈ کری کا نام پیش کرتے ہوئے گزشتہ ہفتہ بحث کا آغاز کیا تھا اور ہفتہ کو ایک بار پھر گڈ کری کو ریاستی یونٹ کی متوقع پسند قرار دیتے ہوئے یہ مسئلہ اٹھایا ۔ جلگاؤں میں ایکناتھ کھڈسے کے حامیوں نے ایک مورچہ نکالتے ہوئے اپنے لیڈر کو اعلیٰ عہدہ پر فائز کرنے کا مطالبہ کیا ۔ منگن تیوار نے اس مرتبہ یہ کہتے ہوئے معاملہ کو نیا رخ دے دیا ہے کہ چیف منسٹر کے دعویدار دیوندر فڈ ناوس بذات خودگڈ کری کی امیدواری کی تائید میں ہیں ۔ گڈ کری اور کھڈسے دونوں نے ہی اس معاملہ میں وضاحت کی کوئی کوشش نہیں کی ۔ صدر بی جے پی امیت شاہ نے ان سے میڈیا کے سامنے اظہار خیال نہ کرنے کے لئے کہا تھا اور چیف منسٹر کا فیصلہ پارٹی پر چھوڑ دینے کی ہدایت دی تھی ۔ چیف منسٹر کے عہدہ پر پارٹی میں پائی جانے والی کشمکش کے بیچ فڈ ناؤس اور گڈ کری نے جمعہ اور ہفتہ کو یکے بعد دیگرے ناگپور میں آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت سے ملاقات کی لیکن دونوں نے ہی بھاگوت سے ہونے والی بات چیت پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ۔
یہ معلوم نہ ہوسکا کہ آر ایس ایس سربراہ سے ملاقات میں کیا بات چیت ہوئی اور سنگھ کی قیادت نے انہیں کیا ہدایتیں دیں ۔ مہاراشٹرا بی جے پی کے ایک اہم عہدیدار نے اعتراف کیا کہ ریاست میں چیف منسٹر کے عہدہ کو لے کر بی جے پی میں گروپ بندی آر ایس ایس کی قیادت کے لئے تکلیف دہ ہے ۔ مہاراشٹرا میں بی جے پی میں اس مسئلہ پر گروپ بندی سے متعلق خبروں نے سنگھ پریوار کو یقیناًبے چین کردیا ہے۔ اس عہدیدار نے کہا کہ آر ایس ایس کا خیال ہے کہ گروپ بندی اور داخلی لڑائی سے بی جے پی کے وقار کو ٹھیس پہنچے گی اور پارٹی کو کانگریس جیسی پارٹی بنا دے گی ۔ ریاست میں چیف منسٹر کے عہدہ کے لئے انتخاب کا مسئلہ گزشتہ ایک ہفتہ سے مسلسل نئی کروٹ لے رہا ہے ۔ ریاستی یونٹ کے صدر دیویندر فڈ ناوس پیر کو پارٹی کی پہلی پسند کے طور پر ابھرے جب کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے انتخابی مہم کے دوران ان کی حمایت کی تھی۔ منگل کو یہ شکوک و شبہات سامنے آئے کہ آیا فڈ ناوس متفقہ امید وارہیں۔ مرکزی وزیر نتن گڈ کری کے حامیوں نے جن میں ودربھا کے40ارکان اسمبلی شامل ہیں، گڈ کری کو چیف منسٹر بنانے کا مطالبہ کیا۔ اگلے روز چہار شنبہ کو بی جے پی ہائی کمان نے گڈ کری کیمپ کی طاقت کے مظاہرہ کی مہم ناراضگی ظاہر کی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں