محمڈن اسپورٹنگ کلب کے صدر ایم پی سلطان احمد نے بتایا کہ محمڈن اسپورٹنگ کلب بند ہونے کی افواہ پھیلاکر محمڈن کلب کے وقار کو مجروح کرنے کی سازش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محمڈن اسپورٹنگ کلب ایک تاریخی کلب ہے اور اس کے بند ہونے کا تصور بھی نہیں کیاجاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں نے اس سال آئی لیگ سکنڈ ڈیویژن میں حصہ نہیں لینے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ گزشتہ سیزن میں آئی لیگ میں محمڈن کلب کے ساتھ جس طرح کی دھاندلی کی گئی اور سازش کے تحت محمڈن کلب کو آئی لیگ سے باہر کیا گیا اس کے احتجاج کے طور پر ہماری ٹیم اس سال آئی لیگ سکنڈ ڈیویژن میں شامل نہیں ہورہی ہے ۔ اس کے علاوہ ڈورنڈ کپ میں بھی محمڈن کی ٹیم شامل نہیں ہوگی ۔ محمڈن کلب کی سرگرمیاں حسب معمول جاری رہے گی ۔ دیگر ٹورنامنٹوں میں شامل ہونے کی دعوت ملی تو اس پر غور کیاجائے گا۔ محمڈن کی جو نئیر ٹیم حسب معمول اپنا ٹورنامنٹ کھیلے گی ۔ انڈر16،17،20وغیرہ کی ٹیمیں شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کھیلیں گی ۔ کرکٹ ٹیم بھی شیڈول کے مطابق اپنا میچ کھیلے گی ۔ محمڈن کے دشمنوں نے اس طرح کی افواہ پھیلا کر لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کلب سب سے پہلے بنیادی ڈھانچے کو ٹھیک کرے گا تاکہ لائسنسن حاصل کرنے میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔
کلب کے اعزازی جنرل سکریٹری جمیل منظر نے کہا کہ محمڈن اسپورٹنگ کلب عوامی ادارہ ہے جو کبھی بند نہیں ہوسکتا ۔ کلب کے تعلق سے اس طرح کی افواہ پھیل کر محمڈن کے شیدائیوں کو گمراہ کرنے اور کلب کے وقار کو مجروح کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محمڈن کی ٹیم آئی لیگ سکنڈ ڈویژن میں بطور احتجاج شامل نہیں ہورہی ہے ۔ اس کے علاوہ ڈورنڈ کپ میں بھی نہیں کھیلنے کا فیصلہ کلب انتظامیہ نے لیا ہے ۔ گوا میں ہونے والے ڈورنڈ کپ کی فیس انتہائی کم ہے ۔ ہم لوگوں نے فیس میں اضافہ کے لئے کہا جسے ماننے سے انکار کردیا گیا ۔ بغیر اسپانسر کے اس کلب کے لئے زیادہ خرچ برداشت کرنا ممکن نہیں ہے ۔ اس لئے ہم لوگوں نے گوا میں ہونے والے ڈورنڈ کپ میں شامل نہیں ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈورنڈ کپ کے لئے ہمیں صرف2.5لاکھ روپے دیے جارہے ہیں جب کہ پہلے6لاکھ روپے دیاجاتا تھا۔ گوا میں ہوٹل و دیگر ضروریات کی اشیاء کافی مہنگے ہیں ۔ ہماری قوت برداشت نہیں ہے ۔ دہلی میں رہنا آسان تھا اس لئے ہم نے ڈورنڈ کپ میں حصہ نہیں لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جمیل منظر نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح آئی لیگ فرسٹ ڈویژن کی کوالیفائی کے لئے لائسنس حاصل کرنا ہے ۔ 100سال سے بھی زیادہ پرانی کلبوں سے متعلق میڈیا میں یہ خبریں آرہی ہیں کہ کلب انتظامیہ مالی بحران کی وجہ سے اپنے اسٹاف اور کھلاڑیوں کو گزشتہ تین مہینوں سے تنخواہ نہیں دی ہے ۔ جمیل منظر نے کہا کہ ابھی دس دن قبل ہم نے بقایات ادا کیے ہیں ۔ یہ خبر بھی غلط ہے ،تاخیر ہوئی ہے مگر اتنی تاخیر نہیں ہوئی ہے ۔ واضھ رہے کہ اتوار کے روز محمڈن کلب انتظامیہ کی میٹنگ میں آئی لیگ سکنڈ ڈویژن میں شامل نہیں ہونے کا فیصلہ لیا گیا تھا ۔ اس کے علاوہ ڈورنڈ کپ میں بھی حصہ نہ لینے کا فیصلہ ہوا ۔ اسے بنیاد بنا کر چند میڈیا نے کلب بند ہونے کی افواہ پھیلائی اور اس طرح کی خبریں شائع کیں کہ سو سال پرانا کلب محمڈن اسپورٹنگ میں اب فٹ بال کا کھیل بند ہونے جارہا ہے ۔ یاد رہے کہ شاردا گھوٹالے میں ایسٹ بنگال اور موہن بگان کلب کے نام سامنے آنے پر ان کے بینک کھاتے منجمد کردئیے گئے ہیں جس کے سبب ان کلبوں کا بھی ٹورنا منٹ میں شامل ہونا مشکل ہوگیا ہے ۔ موہن بگان نے مالی دشواریوں کے سبب سکم گولڈ کپ سے نام واپس لے لیا ۔ دونوں بڑے کلبوں کی حالت انتہائی خراب ہے ۔ کھلاڑیوں کو دینے کے لئے تنخواہ تک نہیں اس لئے ان کلبوں نے اپنے کھلاڑیوں کو آئی ایس ایل میں کھیلنے کی اجازت دے دی ہے ۔
مغربی بنگال فٹ بال کی حکومت کی باڈی آئی ایف اے نے بھی محمڈن اسپورٹنگ کلب کی سرگرمی بند ہونے کی خبر پر لاعلمی کا اظہار کیا ہے ۔ آئی ایف اے کے صدر سوبرتادتہ نے کہا کہ ہمیں اس سے متعلق کوئی علم نہیں ہے اگر ایسا ہے تو افسوسناک ہے ۔ خیال رہے کہ محمڈن اسپورٹنگ کلب سے مغربی بنگال کی مشہور سیاسی و سماجی شخصیتیں وابستہ ہیں ۔ محمڈن اسپورٹنگ کلب کے صدر کے عہدہ پر سابق مرکزی وزیر و ممبر پارلیمنٹ سلطان احمد فائز ہیں جب کہ ان کے بھائی جو ممبر اسمبلی اور کلکتہ کارپوریشن میں بورو چیرمین ہیں وہ بھی سینئر عہدہ پر فائز ہیں ۔ خیال رہے کہ محمڈن اسپورٹنگ کلب ہندوستانی فٹ بال کی شاندار کانارمے انجام دیے ہیں۔1934ء سے 1939تک لگاتار پانچ سالوں تک محمڈن اسپورٹنگ کلب کلکتہ فٹ بال لیگ جیتنے والی پہلی ہندوستانی ٹیم کا اعزاز حاصل کیا تھا ۔ اس کے علاوہ محمڈن اسپورٹنگ کلب واحد ہندوستانی ٹیم تھی جو1990میں ہندوستان میں منعقد ہونے والی نہرو کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی تھی ۔ اس کے علاوہ محمڈن اسپورٹنگ کلب نے ہی ڈروند کپ میں برطانوی فٹ بال کلبوں کے دبدبہ کو ختم کیا تھا ۔1941میں ڈرونڈ کپ کی چمپئن بنی تھی ۔ اپنے تنزلی کے دور میں بھی محمڈن اسپورٹنگ کلب نے حالیہ برسوں میں کچھ ٹورنا منٹوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔2013-14کے سیشن میں محمڈن اسپورٹنگ کلب نے ڈرونڈ کپ اور آئی ایف اے شیلڈ ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ اس کے علاوہ آئی لیگ فرسٹ ڈویژن کے لئے بھی کوالیفائی کی ہے ۔
مالی بحران کی وجہ سے ہی محمڈن اسپورٹنگ کلب آئی لیگ ریگولائزیشن کے لئے متعین کردہ ضوابط مکمل نہیں کرسکی اس کی وجہ سے لائسنس رد کردیاگیا۔
Kolkata's iconic Mohammedan Sporting Club not to shut down
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں