دیویندر پھڈ نویس ریاست مہارشٹرا کے نئے چیف منسٹر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-29

دیویندر پھڈ نویس ریاست مہارشٹرا کے نئے چیف منسٹر

Devendra-Fadnavis-CM-Maharashtra
ممبئی
یو این آئی
بی جے پی صدر مہاراشٹرا یونٹ دیویندر پھڈ نویس کو بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کا صدر منتخب کرلیا گیا ۔ آج منعقدہ اجلاس میں پارٹی قائدین اور اعلیٰ عہدیداروں کی موجودگی میں اتفاق رائے سے پھڈ نویس کو پارٹی کا لیجسلیچر صدر منتخب کرلیا گیااور وہی مہاراشٹرا کے نئے چیف منسٹر ہوں گے ۔ پھڈ نویس 31اکتوبر کو عہدہ اور راز داری کا حلف لیں گے ۔ اجلاس میں بی جے پی قائد ایکناتھ کھڈسے نے بحیثیت چیف منسٹر پھڈ نویس کا نام پیش کیا جب کہ سدھیر منگتوارے نے سابق قومی صدر و مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈ کری کا نام پیش کیا ۔ اجلاس میں مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ ، پارٹی کے ج نرل سکریٹری جے پی نڈا، مہاراشٹرا میں پارٹی کے انچارج راجیو پرتاپ روڈی اور اوم ماتھر موجود تھے ۔ بعد ازاں نو منتخبہ ارکان اسمبلی کی متفقہ رائے سے دیویندر پھڈ نویس کو چیف منسٹر کے لئے منتخب کرلیا گیا۔ پھڈ نویس 31اکتوبر کو وانکھیڈے اسٹیڈیم میں حلف لیں گے ۔ اس سلسلہ میں تیاریوں کا آغاز دو دن قبل ہی کردیا گیا ۔ واضح رہے کہ مہاراشٹرا کی288رکنی اسمبلی میں بی جے پی کو 121نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی۔
یہ مہاراشٹرا میں بی جے پی زیر قیادت پہلی حکومت ہوگی اور 44سالہ پھڈ نویس ریاست کے دوسرے نوجوان چیف منسٹر ہوں گے۔ شرد پوار کو مہاراشٹرا کے سب سے نوجوان چیف منسٹر کا اعزاز حاصل ہے، انہوں نے1978میں 37سال کی عمر میں چیف منسٹرکا عہدہ حاصل کیا تھا ۔ پھڈ نویس کی سیاسی زندگی کا آغاز بحییثیت میئر ناگپور ہوا۔ وہ1997میں ناگپور کے میئر منتخب ہوئے ۔ بعد ازاں1999میں رکن اسمبلی کی حیثیت سے انتخاب ہوا۔ انہیں وزارت سنبھالنے کا کوئی تجربہ نہیں ہے ۔ تقریب حلف برداری میں وزیر اعظم نریندر مودی ، بی جے پی صدر امیت شاہ اور30ہزار مہمانوں کی شرکت متوقع ہے ۔ اس سلسلہ میں وانکھیڈے اسٹیڈیم میں وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ یہ مہاراشٹرا کی62سالہ تاریخ میں دوسرا موقع ہے جب کہ ریاست میں کانگریس کے علاوہ کسی اور پارٹی کا چیف منسٹر اقتدار سنبھال رہا ہے ۔

Devendra Fadnavis to be next chief minister of Maharashtra

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں