دہلی میں تازہ انتخابات - گورنر دہلی نجیب جنگ کی راج ناتھ سنگھ سے ملاقات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-30

دہلی میں تازہ انتخابات - گورنر دہلی نجیب جنگ کی راج ناتھ سنگھ سے ملاقات

نئی دہلی
پی ٹی آئی
لیفٹنینٹ گورنر نجیب جنگ نے دہلی میں ٹشکیل حکومت کے امکانات تلاش کرنے کے مقصد سے سیاسی جماعتوں کو مدعو کرنے اور ان سے تبادلہ خیال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے اس مسئلہ میں فیصلہ لینے پر تاخیر پر کی گئی سرزنش کے ایک دن بعد جنگ نے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے آج صبح ملاقات کی ۔ وہ بیرون ملک دورہ سے کل رات واپس ہوئے ۔ وزیر داخلہ کو انہوں نے اس بات سے واقف کروایا کہ دہلی میں سیاسی غیر یقینی کو ختم کرنے کسی قطعی فیصلہ سے قبل وہ مختلف جماعتوں کو مدعو کرنے کا عمل شروع کررہے ہیں۔ لیفٹنینٹ گورنر کے دفتر کے ذرائع نے بتایا کہ دہلی میں جمہوری حکومت کے قیام کے امکانات کا جائزہ لینے کی تجویز کو صدر جمہوریہ کی منظوری کے پیش نظر لیفٹنینٹ گورنر آئندہ چند دنوں میں تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے تبادلہ خیال کریں گے ۔ ذرائع نے کہا کہ اسمبلی میں واحد بڑی جماعت ہونے کی حیثیت سے سب سے پہلے بی جے پی کو مدعو کیا جائے گا اور اس کے خیالات سے واقفیت حاصل کی جائے گی ۔ بعد ازاں عام آدمی پارٹی اور کانگریس کو مدعو کیا جائے گا۔ مرکز نے سپریم کورٹ کورٹ کو کل آگاہ کیا تھا کہ دہلی میں حکومت شکیل دینے بی جے پی کو مدعو کرنے سے متعلق لیفٹنینٹ گورنر کی تجویز کو صدر پرنب مکرجی نے منظوری دے دی ہے۔ چیف جسٹس ایچ ایل دتو کی قیادت میں5رکنی بنچ نے اسمبلی تحلیل کرنے کی خواہش کرتے ہوئے دائر کردہ آپ کی اپیل پر مرکز اور لیفٹنینٹ گورنر کی سرزنش کی تھی۔70رکنی اسمبلی میں بی جے پی کے31ارکان منتخب ہوئے تاہم3ارکان ہرش وردھن ، رمیش بھیدوئی اور پرویش ورما لوک سبھا کے لئے منتخب ہوگئے جس کے بعد پارٹی کی عددی قوت28ہوگئی ۔ ان تین مخلوعہ حلقوں پر25نومبر کو رائے دہی ہونے والی ہے ۔
قومی دارالحکومت میں حکومت تشکیل دینے اگر کوئی پارٹی یا گروپ تیار نہ ہو یا اس موقف میں نہ ہوتو مرکز دہلی میں تازہ اسمبلی انتخابات کا راستہ اختیار کرسکتا ہے ۔ وزارت داخلہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ عہدیدار کے مطابق دہلی میں تشکیل حکومت کے امکانات کا جائزہ لینے لیفٹنینٹ گورنر نجیب جنگ کی کوششوں کے بعد ان کی رپورٹ کا انتظار کیاجائے گا۔ اگر کوئی حکومت تشکیل نہ پائے تو تازہ انتخابات منعقد کروانے کے سوا کوئی چارہ کار نہ ہوگا ۔ لیفٹنینٹ گورنر کی تجویز کے مطابق حکومت عاجلانہ فیصلہ کرے گی ۔ جموں و کشمیر اور جھار کھنڈ میں اسمبلی انتخابات سے قبل دہلی میں حکومت بنانے کوئی بھی غیر جمہوری طریقہ اختیار کرنے سے این ڈی اے اور بی جے پی دونوں ہی گریز کرنا چاہتے ہیں ۔ دہلی کے3اسمبلی حلقوں میں آئندہ ماہ ضمنی انتخابات منعقد ہونے والے ہیں ۔ سپریم کورٹ کی جانب سے کل ہی مرکز اور لیفٹنینٹ گورنرکی تنبیہ کی گئی اور حکومت سازی کے بارے میں فیصلہ کرنے میں تاخیر کی وجہ دریافت کی گئی ۔ اس پر مرکز نے عدالت عظمیٰ سے کہا کہ حکومت بنانے بی جے پی کو مدعو کرنے لیفٹننٹ گورنر کی تجویز کو صدر جمہوریہ نے منظوری دے دی ہے ۔ سپریم کورٹ نے مرکز اور لیفٹنینٹ گورنر کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں زیادہ عرصہ تک صدر راج نہیں رکھاجاسکتا ۔ حکام اس بارے میں فیصلہ کرنے میں کیوں تاخیر کررہے ہیں۔

Delhi govt formation: Lt Governor Najeeb Jung meets Rajnath Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں