یو این آئی
وادی کشمیر کے نامور شاعر و ادیب اور قلم کار پروفیسر سید محمد رضا موسوی گزشتہ رات شیر کشمیر میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں انتقال کر گئے ۔ وہ کچھ عرصے سے بیمار تھے ۔ مرحوم وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام سے تعلق رکھتے تھے ۔ انہیں بدھ کے روز اپنے آبائی قبرستان واقع پالر بڈگام میں سپرد خاک کردیا گیا ۔ ادبی حلقوں نے سید رضا کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مرحوم پروفیسر رضا کی موت سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پورا نہیں ہوسکے گا ۔ مرحوم گورنمنٹ ڈگری کالج بڈگام میں پروفیسر کے عہدے پر فائز تھے ۔ مرحوم نے اردو اور کشمیری زبان و ادب میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ خاص طور پر حمد، نعت ، منقبت ، نوحہ ، سلام، غزل اور نظم میں طبع آزمائی کی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی علمی ، ادبی اور شاعرانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔ اردو اور کشمیری زبانوں میں ان کا کلام مستند اور مقتدر مانا جاتا ہے ۔ پروفیسر رضا اپنی خوشخطی کے لئے وادی کشمیر میں منفرد مقام رکھتے تھے ۔ ایک ادبی شخصیت نے بتایا کہ مرحوم خوش خطی کے فن میں اتنے ماہر تھے کہ جب بھی کچھ لکھتے تھے وہاں چھاپ یا پرنٹ کی گنجائش نہیں رہتی تھی ۔ ان کا کہنا ہے کہ مرحوم نے بہت سے مقالات لکھے جو بین الاقوامی سطح کے رسائل و جرائد میں داد تحسین حاصل کرچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ریاست و قومی سطح کے مشاعروں اور سیمناروں میں بھی بڑھ چڑھ کرحصہ لیتے تھے ۔
Prof Syed Raza passes away after brief illness
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں