مبینہ دہشت گرد کی گرفتار کا دعویٰ جھوٹا - سہارنپور پولیس کی تحقیقاتی رپورٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-20

مبینہ دہشت گرد کی گرفتار کا دعویٰ جھوٹا - سہارنپور پولیس کی تحقیقاتی رپورٹ

سہارنپور
شاہد زبیری / ایس این بی
گرشتہ6ستمبر کی شب میں سہارنپور ریلوے اسٹیشن سے دہلی پولیس کے ذریعہ انڈین مجاہدین کے مشتبہ دہشت گرد اعجاز شیخ کی گرفتاری کے دہلی پولیس کے دعویٰ کی پول کھل گئی ہے ۔ سہارنپور پولیس کے ذریعہ کرائی گئی تحقیقات کی رپورٹ میں دہلی پولیس کا دعویٰ جھوٹ نکلا ہے ۔ ایس ایس پی راجیش پانڈے نے اس کی تحقیقات سی اوسیکنڈ چرن سنگھ یادو کو سونپی تھی۔ انہوں نے اپنی رپورٹ ایس ایس پی کو سونپ دی ہے ۔ یہ رپورٹ یوپی کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کو بھیجی جائے گی ۔ اس معاملہ میں تعلقہ تھانہ کے منشی کولاپروائی کے الزام میں معطل کیاگیا ہے ، جس نے بغیر کسی کو دیکھے دہلی پولیس کی آمد اور روانگی درج کی تھی اور اس بابت اعلیٰ پولیس افسران کو اس کی بروقت اطلاع نہیں دی تھی ۔ اس تحقیقاتی رپورٹ میں ریلوے اسٹیشن پر لگے32سی سی کیمروں کی فوٹیج کا بھی حوالہ دیا گیا ہے ۔ فوٹیج میں نہ تو وہاں پولیس اور نہ ہی مشتبہ دہشت گرد کہیں دکھائی دیتے ہیں۔ آر پی ایف اور جی آر پی پولیس کے جوانوں کے بیانات بھی قلمبند کئے گئے ہیں اور تھانہ صدر کے پولیس اہلکاروں کے بیانات کا بھی ذکر رپورٹ میں کیا گیا۔ اس رپورٹ کے عام ہونے سے دہلی پولیس کی کارکردگی کی ایک مرتبہ پھر پول کھل گئی ہے ۔ اور دہلی پولیس کے اس آپریشن کا جھوٹ ثابت ہوگیا ہے ۔ دہلی پولیس کے ذریعہ دہشت گرد اعجاز شیخ کی گرفتاری سے نہ صرف سہارنپور پولیس نے بلکہ خفیہ ایجنسی نے بھی لاعلمی ظاہر کی تھی اور یوپی کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے پہلے ہی دن گرفتاری کی تردید کردی تھی اور دہلی پولیس کے دعویٰ کو یوپی کو بدنام کرنے کی سازش قرار دیا تھا ۔ سہارنپور کے ایس ایس پی نے بھی دہلی پولیس کے دعویٰ پر سوال کھڑے کیے تھے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں