جامعہ ملیہ اسلامیہ - مسلم طلبہ کی محفوظ نشستیں عام زمرے میں تبدیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-20

جامعہ ملیہ اسلامیہ - مسلم طلبہ کی محفوظ نشستیں عام زمرے میں تبدیل

نئی دہلی
ایس این بی
جامعہ ملیہ اسلامیہ کے بی ایڈ( فاصلاتی) کورس میں مسلم کوٹہ کی ریزرو سیٹوں کو جنرل کیٹیگری میں منتقل کردیا گیا ہے جب کہ داخلہ کے خواہشمند300سے زیادہ مسلم طلبہ اب بھی ویٹنگ فہرست میں شامل ہیں۔ سینٹر فارسٹینس لرننگ کے ڈائرکٹر کا کہنا ہے کہ یہ طے شدہ پالیسی کے تحت اٹھایا گیا قدم ہے ، البتہ مستقبل میں ایسا نہ ہو اس سلسلے میں غور کیاجاسکتا ہے ۔
واضح ہوکہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سینٹر فارڈسٹینس لرننگ کے تحت بی ایڈ(ڈسٹینس موڈ) کورس کے ملک میں صرف5سینٹر ہیں ، ان میں دو سینٹر دہلی میں جب کہ ایک ایک سینٹر بریلی لکھنو اور امرتسر میں چل رہا ہے۔ اس کورس میں داخلہ کے لئے تمام سینٹروں پر ایک ہی دن ایک وقت میں انٹری ٹسٹ ہوتا ہے لیکن اسکا نتیجہ آنے پر تمام سینٹروں کی الگ الگ میرٹ لسٹ تیار کی جاتی ہے اور چونکہ کسی بھی امیدوار کو داخلہ کے لئے کسی دوسرے سینٹر کا کوئی متبادل فراہم نہیں کرایا جاتا ، اس کی وجہ سے کئی ہونہار اور باصلاحیت طلباء داخلہ سے محروم رہ جاتے ہیں ۔ جب سے جامعہ ملیہ اسلامیہ کو اقلیتی تعلیمی ادارہ ہونے کا درجہ دیا گیا ہے تب سے 50فیصد سیٹیں مسلم اقلیت کے لئے محفوظ ہیں لیکن امرتسر سینٹر پر کبھی بھی مسلم طلبہ کے لئے سیٹیں ریزرو نہیں ہوئیں اور مسلم امیدواروں کے لئے محفوظ سیٹوں کو جنرل کیٹیگری میں منتقل کردیاجاتا ہے ۔ اس بار بھی کچھ ایسا ہوا ہے ۔ امرتسر سینٹر پر اس کورس کے لئے کل100سیٹیں ہیں ۔ جن میں سے50سیٹیں مسلم طلبہ کے لئے محفوظ ہیں ۔ ان50سیٹوں میں21مسلم امیدوار سلیکٹ ہوئے ہیں جب کہ29سیٹوں کو جنرل کیٹیگری میں منتقل کردیا گیا ہے ۔ جب کہ اگر امتحان میں کامیاب ہونے والوں کی بات کریں تو ابھی303مسلم طلبہ داخلہ کے لئے ویٹنگ لسٹ میں موجود ہیں ۔
نوائے حق ویلفیئر اسوسی ایشن کے صدر اسد غازی نے اس معاملے میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر طلعت احمد اور سینٹر فارڈسٹینس لرننگ کے ڈائریکٹر پروفیسر مرزا طارق بیگ کو مکتوب بھیج کر ان کی توجہ اس جانب دلائی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ مستقبل کے لئے کوئی ایسی پالیسی وضع کی جائے کہ مسلم امیدواروں کے لئے محفوظ سیٹوں پر انہیں ہی داخلہ ملے ۔ اس کے علاوہ اگلے اکیڈمک سیشن سے امیدواروں کو ایک سے زیادہ سینٹر پر داخلہ کا متبادل مہیا کرایاجائے اور داخلہ امتحان میں کامیاب ہونے والے طلبہ کی ایک ہی میرٹ لسٹ تیار کی جائے ۔ روزنامہ راشٹریہ سہارا نے اس سلسلے میں سینٹر فارڈسٹینس لرننگ کے ڈائریکٹر پروفیسر مرزا طارق بیگ سے رابطہ کیا تو انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ امرتسر سینٹر پر محفوظ سیٹیں جنرل کیٹیگری میں منتقل کی گئی ہیں کیونکہ وہاں اور مسلم طلبہ تھے ہی نہیں ۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ ویٹنگ لسٹ میں تو303مسلم طلبہ موجود ہیں تو انہوں نے کہا کہ پالیسی کے مطابق امیدوار نے جس سینٹر میں داخلہ کے لئے درخواست دی ہوتی ہے اس کا وہیں داخلہ ہوتا ہے۔ اس سوال پر کہ کیا امیدواروں کو ایک سے زیادہ سینٹروں پر داخلہ کا متبادل فراہم نہیں کرایاجاسکتا اور ایک ہی میرٹ لسٹ تیار کیوں نہیں کی جاتی؟ تو انہوں نے کہا کہ یہ پالیسی سے متعلق معاملہ ہے۔ آئندہ کے لئے کسی بھی تبدیلی پر غور کیاجاسکتا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں