داعش مملکت میں بدامنی پھیلانے کے درپے ہے - سعودی ماہرین انسداد دہشت گردی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-05

داعش مملکت میں بدامنی پھیلانے کے درپے ہے - سعودی ماہرین انسداد دہشت گردی

ریاض
الشرق الاوسط
دہشت گردی کے انسداد اور سلامتی امور کے ماہرین نے واضح کیا ہے کہ داعش سعودی عرب میں بد امنی پھیلانے کے درپے ہے ۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ وزارت داخلہ کے ماتحت سیکوریٹی فورس کے اسپیشل ادارے دہشت گردوں کو سازشیں رو بہ عمل لانے سے قبل گرفتار کرکے نہ صرف یہ کہ ملکی امن و امان کو یقینی بنائے ہوئے ہیں بلکہ اس قسم کے اقدامات دہشت گردی کا پروگرام بنانے والوں کی حوصلہ شکنی کا باعث بن رہے ہیں۔ ڈاکٹر احمد الموکلی نے کہا کہ 88دہشت گردوں کی گرفتاری جن میں59سعودی ہیں انتہائی موثر اقدام ہے تاہم یہ وہ لوگ ہیں جن کے خلاف عدالتیں فیصلے کرچکی تھیں اور انہیں رہا کردیا گیا تھا لہذا اس قسم کے عناصر کی رہائی کے فیصلے پر نظر ثانی لازم ہوگئی ہے ۔ اسی کے ساتھ ساتھ عدالتی فیصلوں کو موثر بنانے والے اقدامات بھی ضروری ہوگئے ہیں ۔ علاوہ ازیں انتہا پسندی اور دہشت گردی میں دلچسپی رکھنے والوں کی ذہنی و فکری اصلاح کے پروگرام کو بھی جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا ۔ الموکلی نے کہا کہ سعودی عرب تمام دہشت گرد تنظیموں کو اسٹراٹیجک ہدف ہے ۔ مملکت کے امن و امان کو تہہ و بالا کرنے کی اسکیمیں صرف اس وجہ سے رچی جارہی ہیں کیونکہ یہ اسلامی دنیا کادل ہے ۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ اسلامی خلافت کی بحالی کی علمبردار دہشت گرد تنظیموں کی سوچ یہ ہے کہ جب تک عالم اسلامی کے دل سعودی عرب پر ان کا کنٹرول نہیں ہوگا تب تک اسلامی خلافت کے احیاء کا ان کاخواب پورا نہیں ہوگا۔ کس بنیاد پر یہ لوگ علماء کو کافر قرار دے رہے ہیں اور عرب بہار کے تحت آنے والے انقلابات کاناجائز فائدہ اٹھا کر انار کی پھیلار رہے ہیں۔ حمود الزیادی نے کہا کہ منحرف گروہ سعودی سیکوریٹی فورس کے اہلکاروں کے خلاف رائے عامہ مشتعل کر کے سعودی عرب کو اندر سے توڑنا چاہتے ہیں۔

isis is seeking to spread unrest in the state - Saudi counterterrorism experts

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں