مغربی ایشیا میں ثالث کا رول ادا کرنے ہندوستان کی پیشکش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-11

مغربی ایشیا میں ثالث کا رول ادا کرنے ہندوستان کی پیشکش

نئی دہلی
یو این آئی
ہندوستان نے دو ررس اثرات کا حامل ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے آج گڑ بڑ زدہ علاقہ مغربی ایشیاء میں امن کی بحالی کے لئے ثالث کا رول ادا کرنے کا پیشکش کیا ہے ۔ یہاں پہلی سالانہ مغربی ایشیاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مملکتی وزیر خارجہ جنرل(ریٹائرڈ) وجئے کمار سنگھ نے کہاکہ’’اپنے جمہوری پس منظر اور دیگر ممالک کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت کے اپنے اصولی موقف کے ساتھ ہندوستان علامہ مغربی ایشیاء میں امن کی بحالی کو یقینی بنانے ایک ثالث اور مددگار کی حیثیت سے قدم اٹھانے کے موقف میں ہے ۔‘‘ حکمت عملی کے اعتبار سے ہندوستان ایک ثالث ، ایک شریک کا ر اورایک ایسے ملک کی حیثیت سے رول ادا کرسکتا ہے جس پر مغربی ایشیاء کے کئی فریق بھروسہ کرسکتے ہیں ۔ ودی کے سنگھ نے کہا کہ ہندوستان ، علاقہ سے متعلق اقوام متحدہ کی مختلف قراردادوں کی پابندی کرے گا تاکہ اس علاقہ( کے حالات) میں بہتری ہو اور عوام پر توجہ مرکوز کرنے والی حکومتوں کے قیام کو یقینی بنایاجائے۔ مغربی ایشیاء کے تعلق سے نئی دہلی کی پالیسی کی وضاحت کرتے ہوئے جنرل سنگھ نے کہا کہ ہندوستان، علاقہ مغربی ایشیاء کے تمام فریقین سے دوستانہ تعلقات رکھتا ہے ۔ ہندوستان ایک پرامن پڑوس کا خواہاں ہے تاکہ یہ علاقہ خود اپنے بل بوتے خوشحال بن سکے ۔ آئی ایس آئی ایس جیسی ’’انتہا پسند قوتوں‘‘ کی نشاندہی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے رجحانات کے عالمی مضمرات ظاہر ہوئے ہیں۔ ہندوستان کو امید ہے کہ علاقہ کے فریقین اس انتہا پسندی پر کنٹرول کرلیں گے ۔
اسرائیل اور فلسطین کے تعلق سے ہندوستان کے موقف کا اظہار کرتے ہوئے جنرل سنگھ نے کہا کہ ہندوستان اقوام متحدہ کے اعلامیوں کی روشنی میں دونوں اقوام کے درمیان بات چیت کے ذریعہ تصفیوں کا خواہاں ہے ۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ دو روزہ کانفرنس کا انعقاد مغربی ایشیاء کی جغرافیائی و سیاسی’ سلامتی و معاشی و فوجی صورتحال سے متعلق مسائل پر غور کے لئے عمل میں آیا ہے۔ اس کانفرنس میں ہندوستان، مغربی ایشیائی ممالک اور دیگر ممالک کے اسکالرس حصہ لے رہے ہیں ۔ ہندوستان جو علاقہ کے امن و استحکام میں اہم سیاسی ، معاشی اور سیکوریٹی پہلوؤں سے تعلق رکھتا ہے ، مغربی ایشیاء کے واقعات پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے ۔ ابھرتی سیاسی صورتحال کی روشنی میں ہندوستان کو جن چیلنجوں کا سامنا ہے وہ علاقہ میں اہم علاقائی اور بیرونی فریقین کے ساتھ سیاسی مساوات اور معاشی مفادات کا توازن قائم رکھنا ہے ۔ ہندوستان، خلیجی علاقہ سے حاصل ہونے والی توانائی سپلائز پر زبردست انحصار کرتا ہے۔2012-13میں ہندوستان کی تیل کی جملہ درآمدات کے لگ بھگ63فیصد حصہ کی تکمیل، مغربی ایشیاء کے علاقہ کے ممالک سے ہوئی ۔ یہ علاقہ ہندوستان کے لئے ایک اہم تجارتی شراکت دار ہے ۔ اس سال ہندوستان کے ساتھ علاقہ کے ممالک کی تجارت لگ بھگ200بلین ڈالر رہی ۔ علاقہ مغربی ایشیاء میں لگ بھگ 70لاکھ ہندوستانی پاسپورٹ ہولڈرس بر سر کار ہیں۔ اس طرح علاقہ اور ہندوستان کے درمیان ایک اور اہم تعلق بھی قائم ہوتا ہے ۔

India willing to play mediator in West Asia: VK Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں