ضرب عضب میں اب تک 910 عسکریت پسند ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-04

ضرب عضب میں اب تک 910 عسکریت پسند ہلاک

اسلام آباد
یو این آئی
پاکستان کے صوبہ خیرپختوانخوا کے قبائلی علاقہ شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے خلاف جاری فوج کے آپریشن ضرب عضب کے دوران اب تک 910مبینہ عسکریت پسند ہلاک کئے جاچکے ہیں ۔ اس کا رروائی میں پاکستانی فوج کے82جوان بھی عسکریت پسندوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانیں گنوا چکے ہیں ۔ پاکستان کے میڈیا نے مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آڑ) کے حوالے سے خبر دی ہے کہ عسکریت پسندوں کے خاتمے کے لئے شروع کئے گئے اس آپریشن کے دوران بارود بنا نے والی27فیکٹریاں بھی پکڑی جاچکی ہیں ۔ اس کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ ، کیمیائی ہتھیار اور مواصلاتی سامان بھی برآمد ہوئے ہیں ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس کارروائی میں فوج کے269اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں ۔ اس کارروائی کے دوران کھجوری ، میر علی ، میران شاہ ، دتہ خیل ، بویا، دیگان اور دیگر علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کیاجاچکا ہے ۔ جو عسکریت پسندوں کے مضبوط ٹھکانے تصور کئے جاتے تھے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں 88کلو میٹر طویل سڑکیں مکمل طور پر کلیئر کردی گئی ہیں جب کہ ملک میں خفیہ آپریشن کے دوران42عسکریت پسند ہلاک اور114گرفتار کئے گئے ۔ آپریشن ضرب عضب کے دوران بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی کا عمل بھی پوری طرح جاری ہے ۔ ریلیف آپریشن کے دوران بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں97,570خاندانوں میں 19,376ٹن راشن تقسیم کیا جاچکا ہے ۔ واضح رہے کہ آپریشن ضرب عضب کراچی ایر پورٹ پر8جون کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے ایک ہفتہ بعد شرو ع کیا گیا تھا ۔ اس واقعہ کے دوران حملہ آوروں سمیت35سے زائد افراد مارے گئے تھے۔ اس آپریشن کے دوران شمالی وزیرستان کے متعدد علاقوں کو دہشت گردوں سے خالی کروایاجاچکا ہے ۔

Zarb-e-Azb: 910 militants killed, 82 soldiers martyred: ISPR

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں