ہندوستان کی قومی ترقی کے لئے امریکہ اہم شراکت دار - وزیراعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-26

ہندوستان کی قومی ترقی کے لئے امریکہ اہم شراکت دار - وزیراعظم مودی

نئی دہلی
یو این آئی
وزیر اعظم نریندرمودی نے آج کہا ہے کہ وہ ہندوستان کی ترقی کے لئے امریکہ کو ایک اہم شراکت دار سمجھتے ہیں ۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلیم ، ہنر مندی ، ریسرچ ، ٹکنالوجی اور اختراع کے میدانوں میں تعاون کے قومی امکانات موجود ہیں۔ سب سے بڑی بات تو یہ ہے کہ دونوں ممالک انسانی اقدار کے یکساں طورپر پابند ہیں ۔ جنرل اسمبلی اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب کے لئے امریکہ روانگی سے قبل انہوں نے یہاں ایک بیان میں کہا کہ ’’ہندوستان اور امریکہ ایک دوسرے کے ساتھ و نیز دیگر ممالک کے ساتھ کام کرتے ہوئے اپنے عہد کی کئی خلیجوں کو پاٹ سکتے ہیں اور ایک مزید پر امن ، مستحکم ، محفوظ، مبسوط اور خوشحال دنیا کے قیام میں مدد دے سکتے ہیں۔‘‘ مودی نے کہا کہ وہ29-30ستمبر کو واشنگٹن میں صدر امریکہ بارک اوباما سے ملاقات کے متمنی ہیں ۔’’ یہ ان سے میری پہلی ملاقات ہوگی۔ زندگی کا یہ سفر ، ان حقوق اور مواقع کے لئے ایک اہم آزمائش ہے جو جمہوریتیں فراہم کرتی ہیں ۔دنیا بھر کے عوام کے لئے حوصلہ افزائی ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ دنیا کی ان دو قدیم ترین اور وسیع ترین جمہوریتوں کے درمیان فطری اشتراک کے لئے(ہماری) مشترکہ اقدار ، رموز مفادات اور معاون استحکام ، بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ مودی نے کہا کہ وہ صدر اوباما سے اس بارے میں تبادلہ خیال کریں گے کہ وہ اپنی مشترکہ صلاحیتوں اور طاقتوں کو اور اب تک انجام دیے گئے کارناموں کو ، دونوں ممالک کے مفاد میں ایک نئی سطح تک لیجانے کے لئے اور عالمی کاز کے لئے کس طرح استعمال کرسکتے ہیں ۔
وزیرا عظم ہند نے یقین ظاہر کیا کہ ان کے دورہ امریکہ سے دونوں ممالک کے درمیان فوجی اشتراک کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ اقوام متحدہ کے اپنے دورہ کے بارے میں مودی نے کہا کہ ہندوستان 1945ء میں اس عالمی ادارہ کے بانی رکن کی حیثیت سے شرکت کے بعد سے ساری دنیا میں امن و سلامتی کے فروغ اور وسیع الاساس ہمہ گیر معاشی ترقی کے لئے ہمہ جہتی کارروائیوں کا پابندرہا ہے ۔’’ گزشتہ کئی دہائیوں سے ہندوستان ، اقوام متحدہ کی نگران امن کارروائیوں میں مدد دیتا رہا ہے ۔ یہ امن منشور اقوام متحدہ کے مقاصد کی تکمیل کے لئے ہماری کوششوں کا بین ثبوت ہے ۔ ‘‘انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی اقوام متحدہ کا69واں اجلاس ایک ایسے وقت منعقد ہورہا ہے جب بین الاقوامی برادری کو کئی شدید چیلنجوں کا سامنا ہے ۔ عالمی معیشت کی حالت ہنوز نازک ہے ۔ دنیا کے کئی علاقوں میں کشیدگی ہے ۔ دہشت گردی پھیل رہی ہے۔ آفریقہ میں ایبولا وائرس کے سبب صحت کا بحران ہے ۔ تبدیلی آب و ہوا اور غربت کا عالمی چیلنچ درپیش ہے ۔ ’’میں ایک مستحکم تر عالمی عہد کے لئے اپیل کروں گا اور ان چیالنجوں سے نمٹنے کے لئے ایک اجتماعی اور ہمہ جہتی کارروائی کی خواہش کروں گا۔
میں زور دوں گا کہ مابعد2015ترقیاتی ایجنڈہ کو جلد منظور کیاجائے ۔ شرح نمو پر توجہ مرکوز کی جائے ۔ انسداد غربت اور ترقی کے حصول پر توجہ دی جائے ۔ ہم2015میں جنرل اسمبلی اقوام متحدہ کے 70ویں اجلاس کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔ میں اقوام متحدہ میں جلد اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دوں گا تاکہ اس امر کو یقینی بنایاجائے کہ یہ عالمی ادارہ21ویں صدی کے چیالنجوں سے نمٹنے کے معاملوں میں موثر رول ادا کرے ۔ آئی اے این ایس کے بموجب نریندر مودی نے یقین ظاہر کیا کہ ان کا پانچ روزہ دورہ امریکہ دونوں ممالک کے اہم فوجی اشتراک میں ایک نئے باب کا آغاز ہوگا ۔ مودی پہلے نیویارک جائیں گے جہاں وہ جنرل اسمبلی اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب کریں گے اور بعد میں صدر امریکہ بارک اوباما سے ملاقات کرنے واشنگٹن کا دورہ کریں گے ۔

PM Modi calls US vital partner for India's national development

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں