بحر ہند میں چینی سرگرمیوں پر بحری فوج کی مسلسل نظر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-26

بحر ہند میں چینی سرگرمیوں پر بحری فوج کی مسلسل نظر

نئی دہلی
پی ٹی آئی
لداخ میں چینی در اندازی کے واقعات کے بعد اب ہندوستانی سمندری علاقہ میں بھی چین کی موجودگی محسوس کی جارہی ہے ۔ بحریہ نے آج کہاکہ وہ ہندوستانی بحری علاقہ( آئی او آر) میں چین کی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ بحریہ کے سربراہ ایڈ میرل رابن دھووان نے میڈیا کوبتایا کہ چین نے اپنے جنگی جہازوں کو بحر ہند میں تعینات کررکھا ہے اور اہم ان پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور اس بات کی مسلسل تنقیح کررہے ہیں کہ چین یہاں کس طرح کی فوجی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ اس کے علاوہ ہمارے جنگی طیارے ، آبدوز کشتیاں اور جنگی جہاز بھی یہاں تعینات کئے ہوئے ہیں اور کسی بھی چیلنج سے نمٹنے ہر وقت تیار ہیں۔ ایڈمیرل رابن نے کہا کہ آئی او آر کی کارکردگی کا علاقہ ہے ۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ آئی او آر میں چین کیاکررہا ہے اورہم اس چیلنج کا کس طرح مقابلہ کرسکتے ہیں ۔ نیوی دار شپ ڈیزائن بیورو کی گولڈن جوبلی تقاریب کے سلسلہ میں آئے بحریہ کے سربراہ سے جب لداخ میں چینی در اندازی پر تبصرہ کرنے کے لئے کہا گیا تب انہوں نے کہا کہ اس مخصوص واقعہ پر صرف فوج تبصرہ کرسکتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستانی بحریہ کی ذمہ داری صرف ایک ملک کے سمندری علاقہ اور اس کے مفادات کی حفاظت ہے ۔ ہم ہمیشہ ان کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہیں ، ہمارے معاشی مفادات ہمارے سمندر سے وابستہ ہیں اور ان کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ حالیہ دنوں میں چینی فوج نے آئی او آر میں جنگی جہاز اور آبدوزوں کو تعینات کیا تھا ۔ جب ان سے ہندوستان اور چین کے درمیان سمندری حدود پر اس سال مجوزہ بات چیت سے متعلق استفسار کیا گیا تو بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ایک دوسرے کی بندرگاہوں میں آمد اور مخالف قزاقی کاروائی میں اشتراک ہے ۔

Navy monitoring Chinese activity in Indian Ocean: Navy Chief

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں