یو این آئی
ہر گھر کے لئے بیت الخلاء کی ملک گیر مہم کا آج اتر پردیش کے ضلع بدایوں میں شہادت گنج موضع سے آغاز عمل میں آیا ۔ یاد رہے کہ اس موضع میں2لڑکیوں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ رفع حاجت کے لئے گھر سے باہر نکلی تھی ۔ دونوں رشتہ کی بہنوں کو خراج کے طور پر گاؤں میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس کے ذریعہ108کم لاگتی سلابھ بیت الخلاء کی تعمیر ملک گیر مہم شروع کی گئی ۔ دیہی علاقوں میں خواتین کی اس پریشانی کو مد نظر رکھتے ہوئے کہ انہیں رفع حاجت کے لئے رات کی تاریکی کا انتظار کرنا پڑتا ہے ، این جی او سلابھ انٹر نیشنل نے بیت الخلاؤں کی تعمیر کا بیڑا اٹھایا ہے ۔ اس مہم کے تحت گاؤں کے ہر گھر میں ایک کم لاگتی بیت الخلاء تعمیر کیاجائے گا ۔ سلابھ کے بانی بندیشور پاٹھک نے مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ گھر میں بیت الخلاء نہ ہونے کی وجہ سے مواضعات میں لڑکیوں اور خواتین پر جنسی حملے ہورہے ہیں اور عصمت ریزی کے واقعات پیش آرہے ہیں ۔ مذکورہ واقعہ میں اس موضع کی رہنے والی 14اور15سال کی2بہنیں گھر میں بیت الخلاء نہ ہونے کی وجہ سے رات کے وقت رفع حاجت کے لئے کھلے علاقہ میں گئی تھیں جہاں مجرموں نے ان کی عصمت ریزی کرنے کے بعد قتل کردیا اور ان کی نعشیں ایک درخت سے لٹکا دی تھیں ۔ ڈاکٹر پاٹھک نے کہا کہ ان دو لڑکیوں کی یاد میں سلاب نے اس موضوع کو اپنے ذمہ لے لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سلاب کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے108بیت الخلاء ان لڑکیوں کو بھرپور خراج عقیدت ہوگا جن کی موت کے بعد خواتین کو محفوظ بیت الخلاء کے حق پر ملک گیر بحث شروع ہوئی ۔
"Toilet for Every House", nationwide campaign launched
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں