میری گرفتاری سیاسی نوعیت کی تھی - مولانا عبدالقوی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-01

میری گرفتاری سیاسی نوعیت کی تھی - مولانا عبدالقوی

حیدرآباد
پی ٹی آئی
گجرات ہائی کورٹ کی جانب سے تین روز قبل رہائی کے بعد مولانا عبدالقوی کی آج حیدرآباد واپسی پر انتہائی شاندار طور پر خیر مقدم کیا گیا ۔ ان کے شاگردوں کی کثیر تعداد طیرانگاہ حیدرآباد پر موجود تھی ۔ رہائی کے بعد پہلی مرتبہ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گرفتاری سیاسی اغراض پر مبنی تھی۔ ان پر الزام تھا کہ گجرات فسادات کے بدلہ لینے کے لئے مسلم نوجوانوں کو انہوں نے ورغلایا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی روپوشی اختیار نہیں کی ۔ کرائم برانچ نے11سال قبل میرے خلاف مقدمہ درج کیا اور مجھے دہلی ایرپورٹ سے گرفتار کیا گیا ۔ مجھے حیدرآباد سے گرفتار کیاجاسکتا تھا ۔ انتخابات کا موقع تھا اس لئے میں سمجھتا ہوں کہ گرفتاری سیاسی تھی ۔ پریس کانفرنس کا اہتمام جمعیۃ العلماء ہند نے کیا تھا ۔58سالہ مولانا عبدالقوی کو ڈیٹیکشن آف کرائم برانچ نے مخالف قومی سرگرمیوں کے تحت گرفتار کیا تھا اور الزام عائد کیا تھا کہ لشکر طیبہ اور آئی ایس آئی سے ملک کر مابعد گودھرا فسادات کا انتقام لینا چاہتے تھے ۔ مدرسہ جامعہ اشرف العلوم حیدرآباد کے بانی کو اس سال24مارچ کوPOTAکے تحت گرفتار کیا گیا تھا ۔ ان پر یہ بھی الزام عائد کیا گیا کہ کئی نوجوانوں کو انہوں نے ٹریننگ کے لئے پاکستان روانہ کیا اور جیش محمد نے اس ٹریننگ کا اہتمام کیا۔ مولانا نے کہا کہ گزشتہ11سال کے دوران انہیں کوئی نوٹس نہیں دی گئی اور نہ ہی پولیس نے کوئی ربط قائم کیا ۔ پولیس نے تمام الزامات عائد کئے لیکن بتایاجاتا ہے کہ انہوں نے پولیس کو مطلوب ایک ڈرائیور کو ملازمت فراہم کی تھی ۔ صرف اسی بنیاد پر انہیں گرفتار کیا گیا اور من مانی الزامات عائد کئے گئے ۔

Maulana Abdul Quavi Says His Arrest Was Politically motivated

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں