یو این آئی
مستحق عوام تک سرکاری اسکیموں کا فائدہ پہنچانے کیلئے تلنگانہ بھر میں ایک ہی دن میں کئے گئے جامع گھریلو سروے کی تفصیلات کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ یہ سروے گزشتہ ماہ کیا گیا تھا ۔ سروے مکمل کرنے کے دو دن بعد سے ہی اس کی تفصیلات کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا کام شروع کیا گیا تھا اور اب تک تقریباً51فیصد کمپیوٹرائزیشن کا کام مکمل کرلیا گیا ہے ۔ کریم نگر میں10لاکھ خاندانوں کی تفصیلات کمپیوٹرائزڈ کی گئی ہیں۔ اس سروے کی بنیاد پر مستحق خاندانوں کا انتخاب کرنے کے لئے عہدیداروں کے ساتھ حکومت کی جانب سے ورکشاپ کا اہتمام کیاجارہا ہے ۔ سروے کی تفصیلات کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لئے منڈل اور ریونیو سطح پر مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ محکمہ مال کے عہدیداروں کی راست نگرانی میں ڈاٹا انٹری کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ مختلف محکمہ جات کے عہدیدار اپنے دفتر کے کام کو روکتے ہوئے سروے کی تفصیلات کے اندراج کا کام کررہے ہیں ۔ ڈاٹا انٹری کے لئے طلبہ کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔ محبوب نگر میں5لاکھ35ہزار 490، رنگا ریڈی میں5لاکھ95ہزار 90، میدک میں دو لاکھ 45ہزار 265،نظام آباد میں پانچ لاکھ20ہزار941،عادل آباد میں پانچ لاکھ53ہزار 313، ورنگل میں پانچ لاکھ78ہزار24، کھمم میں چار لاکھ 61ہزار 421، نلگنڈہ میں آٹھ لاکھ45ہزار307اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں68ہزار298خاندانوں کی تفصیلات کو کمپیوٹرائزیشن کرنے کا کام مکمل کرلیا گیا ہے ۔ عہدیداروں نے توقع ظاہر کی ہے کہ10اکتوبر تک کمپیوٹرائزیشن کا کام مکمل کرلیاجائے گا۔ بعد ازاں متعلقہ محکمہ جات کو تفصیلات بھیجی جائیں گی ۔ سروے کی تفصیلات کی بنیاد پر مستحق استفادہ کنندگان کی نشاندہی کے بعد سرکاری اسکیموں پر عمل کیاجائے گا۔
Telangana household survey 51 percent computerized
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں