سعودی تاجروں کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی دعوت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-28

سعودی تاجروں کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی دعوت

Saudi-businessmen-invited-to-invest-in-Telangana
دبئی
پی ٹی آئی
نو تشکیل شدہ ریاست تلنگانہ نے سعودی تاجروں سے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی درخواست کی ہے ۔ اس سلسلہ میں سلطنت سعودی عرب کی سرمایہ کاری کا تحفظ اور سرمایہ کاروں کو مراعات اور سہولتوں کی فراہمی کے لئے سلسلہ وار اقدامات کا بھی اعلان کیا ہے ۔ تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے بتایا کہ سعودی تاجروں کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنی چاہئے کیونکہ وہاں تعلیم، صحت اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبوں میں بے پناہ اور وسیع مواقع دستیاب ہیں ۔ عرب نیوز کے ھوالہ سے بتایا گیا ہے کہ محمد محمود علی نے سعودی سرمایہ کاروں کو ان کی حکومت کی طرف سے یہ تیقن دیا ہے کہ ان کے سرمایہ کا بھرپور تحفظ کیاجائے گا ۔ محمد محمود علی حج کی سعادت حاصل کرنے کے لئے سعودی عرب میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ کے قدیم حکمرانوں کے سعودی عرب کے ساتھ بہترین اور یادگار تعلقات رہے ہیں ۔ ہماری حکومت بھی ان تعلقات کا حیاء کرتے ہوئے ماضی کی عظمت رفتہ دوبارہ حاصل کرنا چاہتی ہے ۔ وہ نظامس کا حوالہ دے رہے تھے جنہوں نے دکن پر تقریباً400 سال حکومت کی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت ،راست بیرونی سرمایہ کاری بالخصوص سعودی عرب سے سرمایہ کا حصول کے لئے خصوصی معاشی زونس کے قیام کے مرحلہ میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان ایک ابھرتی ہوئی طاقت اور پوری دنیا ایک امید کے ساتھ ہماری طرف دیکھ رہی ہے ۔ اب سعودیوں کی باری ہے کہ وہ ہمارے ملک پہنچیں اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی تاجر انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ ، ایجوکیشن ، ہیلتھ اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔ وہ ہمارے پاس آئیں اور دواخانے و کالج تعمیر کریں یا پھر انفارمیشن ٹکنالوجی یا اپنی صنعتوں کے لئے سرویس سنٹرس کا قیام عمل میں لائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک نئی ریاست ہیں جہاں بہتر انفراسٹرکچر دستیاب ہے۔ معدنیات کا بھی ذخیرہ رکھتے ہیں ۔ ہمارے سفید ماربل ساری دنیا میں مشہور ہیں۔ حیدرآباد، انفارمیشن ٹکنالوجی کا مرکز ہے اور وہاں ایک بین الاقوامی ایرپورٹ موجود ہے اور اب ہم ریاست کے مختلف اضلاع میں مزید2بین الاقوامی ایر پورٹس کے قیام کے مرحلہ میں ہیں۔

Saudi businessmen invited to invest in Telangana

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں