یونیسکو مسجد اقصی سے متعلق عالمی فیصلے نافذ کرائے - سعودی ولی عہد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-05

یونیسکو مسجد اقصی سے متعلق عالمی فیصلے نافذ کرائے - سعودی ولی عہد

پیرس
سعودی پریس ایجنسی
سعودی ولیعہد نائب وزیر اعظم ووزیر دفاع شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز نے یونیسکو سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ سے متعلق عالمی فیصلے نافذ کرائے ۔ ارض فلسطین میں موجود انمول تمدنی خزانوں اور آثار قدیمہ کی حفاظت پر توجہ دیں ۔ اسرائیل ہر روز تخریب کاری کرکے انمول آثار قدیمہ ونو ادر کو نقصان پہنچا رہا ہے ۔ وہ جمعرات کو پیرس میں یونیسکو کے دفتر کے دورے کے موقع پر حاضرین سے خطاب کررہے تھے ۔ شہزادہ سلمان نے توجہ دلائی کہ یونیسکو کے قیام کے روز اول سے لے کر تا حال سعودی عرب اس عالمی تنظیم کے تئیں اپنے فرض سے غافل نہیں ۔ مملکت اس کے تاسیسی میثاق پر دستخط کرنے والے ملکوں میں سے ایک ہے ۔خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز مذاہب کے پیروکاروں اور تہذیبوں کے ماننے والوں کے درمیان مکاملے کے کلچر کو فروغ دینے کی سر توڑ کوششیں کررہے ہیں ۔ شہزادہ سلمان نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب ارض القرآن کی نمائندہ ریاست کے طور پر اپنے اصولوں پر سختی سے قائم ہے ۔ سعودی عرب مذہب کی تصویر مسخ کرنے والی ہر طرح کی کشمکش سے بالا تر ہوکر کام کررہا ہے ۔ مملکت معاشرے کے حصے بخرے کرنے والی پالیسی کی مخالف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں یہاں یونیسکو کے صدر دفتر میں اپنی موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فلسطین کے صدر دفتر میں اپنی موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فلسطین کو مکمل رکنیت دینے کے فیصلے پر یونیسکو کے اقدام پر سلام تحسین پیش کرنا مناسب سمجھتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام یونیسکو کی اقدار سے مطابقت رکھتا ہے ۔ انہوں نے گزشتہ برسوں کے دوران اپنے وطن کے ساتھ یونیسکو کے تعلقات کے حوالے سے ہونے والے فیصلوں پر عالمی تنظیم کے لئے قدرومنزلت کا اظہار کیا ۔ مدائن صالح، قدیم الدرعیہ اور جدہ تاریخیہ کو عالمی ورثے کی فہرست میں شامل کرنے پر یونیسکو کے لئے سعودی عرب اور اس کے قائدین و عوام گہری قدرومنزلت رکھتے ہیں ۔ دوسری جانب شہزادہ سلمان کے4روزہ دورہ فرانس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔ فریقین نے سیاسی ، اقتصادی ، مالیاتی ، تجارتی، صنعتی، تعلیمی، ثقافتی اور امن و سلامتی کے شعبوں میں دو طرفہ منفرد تعلقات میں استحکام اور بہتری پر اطمینا ن کا اظہار کیا ۔فریقین نے ہر طرح کے اقتصادی تعاون کے لئے شراکت کی اہمیت پر زور دیا ۔ دونوں ملک فضائی دفاع کے شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے ۔ مصنوعی سیاروں کی بابت جدید وسائل اپنائیں گے ۔ دونوں نے غزہ پٹی میں شہریوں پر تشدد اور بنیادی ڈھانچہ تباہ کرنے کی مذمت کی ۔ شامی بحران پر گہری تشویش ظاہر کی ۔

Saudi Crown Prince urges UNESCO to protect heritage sites in Palestine

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں