سی بی آئی ڈائرکٹر کے خلاف کیس - وکیل پرشانت بھوشن کو سپریم کورٹ کی ہدایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-16

سی بی آئی ڈائرکٹر کے خلاف کیس - وکیل پرشانت بھوشن کو سپریم کورٹ کی ہدایت

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سپریم کورٹ نے آج پرشانت بھوشن کوجنہوں نے سی بی آئی ڈائرکٹر رنجیت سنہا پر2Gکیس کے ملزمین کو بچانے کے الزامات عائد کئے ہیں، رائے دی کہ وہ اس خبردار کرنے والے کے نام کا انکشاف کریں جس سے سی بی آئی کو دستاویزات اور رنجیت سنہا کی قیام گاہ پر آنے والے مہمانوں کی فہرست حاصل ہوئی ، جسٹس ایچ ایل دتو کی زیر صدارت بنچ نے پرشانت بھوشن کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ سماعت کے موقع پر ایک مہربند لفافہ میں خبردار کرنے والے کا نام پیش کریں ۔ انہوں نے کہا کہ معلومات کے ذریعہ کا پتہ چلنے کے بعد عدالت میں کیس کی میرٹ پر غور کرے گی کیونکہ ڈائرکٹر کی ساکھ پر اس کے مضمرات ہوسکتے ہیں اور2Gاسکام کیس متاثر ہوسکتا ہے ۔بنچ نے کہا کہ پرشانت بھوشن کی جانب سے داخل کیا گیا حلف نامہ سپریم کورٹ کے قواعد کے مطابق نہیں ہے ۔ عدالت نے ان سے کہا کہ وہ اس ذریعہ کے نام کا انکشاف کریں جس سے انہیں دستاویزات حاصل ہوئے ہیں۔
سی بی آئی ڈائرکٹر رنجیت سنہا نے سپریم کورٹ میں ڈائری کے وجود پر سوال اٹھایا ور کہا کہ اس کے90فیصد اندراجات فرضی ہیں، جب کہ بعض اندراجات حقیقی بھی ہوسکتے ہیں ۔ ایڈوکیٹ وکاس سنگھ رنجیت سنہا کی طرف سے پیش ہوئے اور کہا کہ اس کیس میں تمام کارروائی پر کوئی اور کنٹرول کررہا ہے ۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایک میڈیا گروپ نے کس طرح یہ کہانی پیشگی ہی شائع کردی کہ بھوشن سپریم کورٹ میں مہمانوں کی حقیقی فہرست جماعت کرنے والے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان تمام تنازعات کے پس پردہ ایک کارپوریٹ گھرانہ کارفرما ہے ۔ اور2Gاسکام کے ملزمین کو فائدہ پہنچانا مقصود ہے ۔ بنچ نے سی بی آئی سے اس تنازعہ پر اس کا موقف بھی جاننا چاہا، لیکن سینئر ایڈوکیٹ کے کے وینو گوپال نے ایجنسی کی جانب سے پیش ہوتے ہوئے اس تنازعہ میں شامل ہونے سے انکار کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ ایڈوکیٹ پرشانت بھوشن اور ڈائرکٹر کے درمیان ہے ۔ بعد ازاں بنچ نے اپنی رجسٹری کو ہدایت دی کہ وہ سی بی آئی ڈائرکٹر کی جانب سے داخل کئے گئے تمام دستاویزات اور حلف نامے ایک مہر بند لفافہ میں رکھے اور سکریٹری جنرل کے پاس جمع کرادے۔ سپریم کورٹ نے اس معاملہ کی مزید سماعت22ستمبر کو مقرر کی ہے ۔

Reveal source of documents against CBI director: Supreme Court to Prashant Bhushan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں