مہاراشٹرا میں صدر راج کے نفاذ کی سفارش - مرکزی کابینہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-28

مہاراشٹرا میں صدر راج کے نفاذ کی سفارش - مرکزی کابینہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مرکزی کابینہ نے بروز ہفتہ مہاراشٹرا میں صدر راج نافذ کرنے کی سفارش کی ہے ۔ ریاست کے چیف منسٹر پرتھوی راج چوہان نے کانگریس۔ این سی پی کے15سالہ اتحاد کے خاتمے کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا ۔ذرائع کے مطابق معلوم ہوا کہ مختصر کابینہ اجلاس جس کی صدارت وزیر اعظم نریندر مودی کی غیر حاضری میں ، وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کررہے تھے( واضح رہے کہ وزیر اعظم حال ہی میں اپنے پانچ روزہ طویل امریکی دورہ کے لئے روانہ ہوچکے ہیں)راجناتھ سنگھ نے فیصلہ کیا ہے کہ مہاراشٹرا میں15اکتوبر کے انتخابات تک صدر راج نافذ کیا جائے ۔ این سی پی کی حمایت واپس لینے کے معاملہ کے بعد چوہان نے اپنا استعفیٰ صدر سی ایچ ودیا ساگر کو پیش کیا اور آج ان کا استعفیٰ قبول کرلیا گیا ۔ آنے والے ماہ میں ریاست میں انتخابات ہونے والے ہیں اور گورنر نے اپنی رپورٹ میں اس بات کی سفارش کی کہ ریاست میں صدر راج نافذ کیاجائے ۔ این سی پی کانگریس سے دو معاملات پر اصرار کررہی تھی پہلا یہ تھا کہ اسے288سیٹوں میں سے نصف سیٹیں دی جائیں اور پانچ سالہ میعاد حکومت سے نصف حصے میں ان کی پارٹی کے شخص کو وزیر اعلیٰ بنایاجائے ۔ یہ اختلافات اتنے بڑھے کے دونوں فریق کسی ایک معاملے پر متفق نہ ہوسکے اور اتحاد کو ختم کرنا پڑا ۔
ادھر واراناسی میں بی جے پی نے آج کہا ہے کہ15اکتوبر کو ہونیو الے اسمبلی انتخابات میں مہاراشٹرا میں بی جے پی ۔ این سی پی سے کسی صورت اتحاد نہیں کرسکتی ۔ بی جے پی کے جنرل سکریٹری مرلی دھر راؤ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹرا کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس ۔ اینس ی پی کی انتہائی بد عنوان حکومت بی جے پی کا ایجنڈاہوگا۔ ہم اگلے انتخابات میں کانگریس۔ این سی پی حکومت کی بد عنوانیوں کی کھل کر مخالفت کرنے والے ہیں ایسی صورت میں ہم ان سے کیسے اتحاد کرسکتے ہیں ۔ تامل ناڈو کی وزیر اعلیٰ جیہ للیتا کے خلاف عدالت کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک طویل زیر التوا کیس تھا ۔ جو تقریباً18سالوں سے عدالت میں زیر سماعت تھا ۔ نیز انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ فیصلہ ملکی عدلیہ کی آزادی کی ایک مثال ہے ۔ عدلیہ کی نظر میں عام آدمی اور ایک حکومت کا موجودہ وزیر دونوں برابر ہیں ۔ انصاف کے تقاضے ہندوستان میں بہر حال پورے کئے جاتے ہیں ۔

Union Cabinet recommends imposition of President's Rule in Maharashtra

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں