انتخابات میں کراچی سے خیبر تک دھاندلی ہوئی - بلاول بھٹو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-20

انتخابات میں کراچی سے خیبر تک دھاندلی ہوئی - بلاول بھٹو

اسلام آباد
بی بی سی
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 2013کے عام انتخابات میں کراچی سے خیبر تک دھاندلی ہوئی اور وہ18اکتوبر کو بتائیں گے کہ یہ دھاندلی کیسے ہوئی۔ ملتان میں سیلاب زدگان سے ملاقات کے بعد خطاب میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2013کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی دھاندلی کا نشانہ بنی ۔ بلاول بھٹو نے سانحہ کار ساز کے شہداء کے یاد منانے کے لئے کارکنان کو18اکتوبر کو ملک بھر سے کراچی پہنچنے کو کہا ۔ انہوں نے دھرنے میں شامل جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چند دن کے لئے اختلافات بھلا کر پاکستانیوں کی مدد کریں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آج پنجاب ڈوب رہا ہے اور کچھ لوگ سازش کر کے اسلام آباد میں پ اکستان کو ڈبونا چاہتے ہیں ، مگر ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں ہے ۔ یہ وقت ایک قوم بننے کا ہے ۔ ادھر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کے دوران تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپنا بجلی کا بل جلا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی شہری کی حیثیت سے حکومت سے سوال کرتے ہیں کہ آپ نے بجلی کی قیمت تو80 فیصد بڑھا دی لیکن بجلی کی چوری کیوں نہیں کم کی، کیوں بجلی کی چوری کی قیمت مہنگی بجلی سے دیں ۔ یاد رہے کہ عمران خان نے سول نافرمانی کے تحت عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کے بل اور ٹیکس ادانہ کریں تاہم حکومت کا دعویٰ ہے کہ عمران خان نے اپنا بجلی کا بل ادا کیا تھا ۔
دریں اثناء اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ کوحکم دیا ہے کہ وہ23ستمبر تک اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں رہائش پذیر پولیس اہلکاروں کونکالیں اور اگرایسا نہ ہوا تو پھر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں63سرکاری اسکولوں میں سے15اسکول ابھی تک نہیں کھولے جاسکے ہیں ۔ عدالت نے تحریک انصاف سے کہا ہے کہ وہ بیان حلفی دے کہ اس احتجاجی مظاہرے میں دہشت گرد شامل نہیں ہوں گے ۔ اس سے قبل جمعہ کے روز گزشتہ تین ہفتوں سے جاری پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے اختتامی سیشن میں دھرنوں کے خلاف اور جمہوریت کے حق میں ایک متفقہ قرار داد بھی منظور کی گئی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ کسی کو بھی جمہوریت پر کلہاڑا چلانے کی اجازت نہیں دے سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ سب گزشتہ پانچ ہفتوں سے دیکھ رہے ہیں کہ اسلام آباد کی شاہراہ دستور پر کیا کچھ ہورہا ہے ؟ کس طرح کی اشتعال انگیزتقریریں کی جارہی ہیں؟ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو مشتعل کر کے بغاوت پر اکسایا جارہا ہے ۔ شیر خوار بچوں کو کفن پہنا کر جذبات بھڑکائے جارہے ہیں اور خوبصورت سبزہ زاروں پر قبریں کھودی جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مناظر پوری قوم بھی دیکھ رہی ہے اور وہ عالمی برادری بھی جسے ہم یقین دلارہے تھے کہ پاکستان انتہا پسندی سے نکل کر ایک جدید مہذب جمہوری ریاست بن رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے بہت سے مطالبات کو تسلیم کیااور ایف آئی آر میں اپنا اور وزیر اعلیٰ پنجاب کا نام بھی شامل کیا لیکن اس کے باوجود ریڈ زون پر یلغار کی گئی ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے کھلے دل سے دونوں جماعتوں کے اکثر مطالبات تسلیم کیے لیکن اس کے باوجود بھی ان کی جانب سے لچک پیدا نہیں کی گئی ۔

Polls rigged from Karachi to Khyber, says Bilawal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں