قلعہ گولکنڈہ میں قومی پرچم لہرانے کا موقع نہ دیے جانے پر کشن ریڈی کی شدید تنقید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-20

قلعہ گولکنڈہ میں قومی پرچم لہرانے کا موقع نہ دیے جانے پر کشن ریڈی کی شدید تنقید

حیدرآباد
پی ٹی آئی
بی جے پی نے تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت کو حیدرآباد لبریشن ڈے سرکاری طورپر نہ منانے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ حکومت نے بھگواپارٹی کو بھی قلعہ گولکنڈہ میں ایک پروگرام منعقد کرنے اور قومی پرچم لہرانے سے روک دیا تھا جس پر بی جے پی چراغ پا ہوگئی ہے ۔ پولیس نے دو دن قبل سینئر بی جے پی قائدین کے بشمول کئی پارٹی کارکنوں کو اس وقت احتیاطی طور پر حراست میں لے لیا تھا جب وہ تاریخی قلعہ گولکنڈہ میں قومی پرچم لہرانے کی کوشش کررہے تھے ۔ انہیں قلعہ تک پہنچنے بھی نہیں دیا گیا۔ وہ حیدرآباد ریاست کے انڈین یونین میں انضمام کی سالگرہ یوم نجات کے طور پر منانا چاہتے تھے ۔ بی جے پی کئی برسوں سے یہ مطالبہ کرتی آرہی ہے کہ ہر سال17ستمبر کو سرکاری طور پر یوم نجات کا اہتمام کیاجائے ۔ واضح ہو کہ17ستمبر 1948ء کو ریاست حیدرآباد کا پولیس ایکشن کے ذریعہ انڈین یونین میں انضمام عمل میں لایا گیا تھا۔ تلنگانہ بی جے پی یونٹ کے صدر جی کشن ریڈی نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ٹی آر ایس سربراہ کی باتوں پر اعتماد کرکے انہیں ووٹ دیا ۔ کے چندر شیکھر راؤ نے کہا تھا کہ تشکیل تلنگانہ پر یوم نجات کا سرکاری طور پر اہتمام کیاجائے گا۔ کشن ریڈی نے کہا کہ پہلا لبریشن ڈے ہی آپ نے لاٹھی چارج کے ذریعہ منایا ۔ آپ نے ہمیں جیل بھیجتے ہوئے لبریشن ڈے تقاریب منانے سے روک دیا ۔ آپ نے ہمارے خلاف مقدمات درج کرائے اور ہم پر تنقید بھی کی ۔ یاد رہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے روایات سے انحراف کرتے ہوئے تلنگانہ میں پہلا یوم آزادی قلعہ گولکنڈہ میں منایا تھا ۔ بی جے پی قائد نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ، تشکیل تلنگانہ سے قبل بڑے پیمانہ پر یوم نجات کا اہتمام کرتے تھے۔ اقتدار پر فائز ہونے کے بعد انہیں کیا ہوگیا کہ انہوں نے اس کی ہمت نہیں کی۔ کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی اس وقت تک جدو جہد جاری رکھے گی جب تک کہ حیدر آباد لبریشن ڈے کا سرکاری طورپر اہتمام شروع نہیں ہوجاتا۔

BJP criticizes TRS government on 'Hyderabad Liberation Day'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں