صوبہ پنجاب اور مقبوضہ کشمیر میں بارش کی تباہ کاریاں - 77 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-06

صوبہ پنجاب اور مقبوضہ کشمیر میں بارش کی تباہ کاریاں - 77 ہلاک

اسلام آباد، مظفر آباد
رائٹر، پی ٹی آئی
پاکستان میں زبردست بارش اور سیلاب کے نتیجے میں صوبہ پنجاب اور مقبوضہ کشمیر کے علاقوں میں متعدد مقامات منہدم ہوگئے اور تقریباً77افراد ہلاک ہوگئے ۔ یہ اطلاع سرکاری حکام نے دی۔ زیادہ تر اموات لاہور میں ہوئیں۔ جو وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے حامیوں کا گڑھ ہے ۔ حکام نے بتایا کہ کم از کم45افراد صوبہ پنجاب میں اور 30مقبوضہ کشمیر میں ہلاک ہوئے ۔ ٹیلی ویژن کے چینلوں پر جو تصویریں دکھائی جارہی ہیں اس میں متعد د گاؤں اور قصبوں کو سیلابی پانی میں ڈوبے ہوئے دکھایاجارہا ہے ۔ پنجاب ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائرکٹر نثار ثانی نے بتایا کہ پنجاب میں جو43اموات ہوئی ہیں وہ مکانوں کی چھت گرنے سے ہوئی ہیں۔ اس دوران حکام نے پورے ملک میں سیلاب کے بارے میں وارننگ جاری کی ہے۔ کشمیر ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان خواجہ رشید نے بتایا کہ ابھی مزید بارش ہونے کا امکان ہے ۔ پاکستان کی شہری حکومت عرصے سے بد عنوانی میں ملوث اور ناکارہ سمجھی جاتی رہی ہے اور قدرتی آفات کے دوران میں راحت و بچاؤ کا کام عموماً یہاں کی طاقتور فوج کے حوالے کیاجاتا ہے ۔ اس ہفتہ بھی پورے پنجاب میں سیلاب میں راحت کاموں کے لئے فوج کی خدمات حاصل کی گئی تھیں ۔ 2010ء میں پاکستان میں آئے سیلاب میں تقریباً2کروڑ افراد متاثر ہوئے تھے اور بنیادی ڈھانچے اور فصلوں کو زبردست نقصان پہنچا تھا اور تقریباً ملک کا پانچواں حصہ زیر آب ہوگیا تھا ۔ فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، نارووال ، چنیوٹ اور قصور میں بھی ہلاکتیں ہوئی ہیں ۔ پاکستان کی سرکاری ٹیلی ویژن نے فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے حوالے سے بتایا ہے کہ پاکستان فوج کو بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال میں امدادی کاموں کے لئے چوکس کردیا گیا ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پنجاب کے علاقوں سیلاکوٹ ، نارووال ، ہیڈ مرالہ ، وزیرآباد اور جلال پور جٹاں میں فوج بھیج دی گئی ہے جب کہ لاہور کے قریب شاہدرہ میں بھی فوج کو امدادی کارروائیوں کے لئے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ پنجاب کے وسطی علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ36سے48گھنٹوں تک جاری رہے گا۔

Over 70 killed in Pak rains, floods, military deployed

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں