نیویارک میں وزیراعظم مودی کا کل خیرمقدم - ہزاروں تارکین وطن ہندوستانیوں کی آمد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-27

نیویارک میں وزیراعظم مودی کا کل خیرمقدم - ہزاروں تارکین وطن ہندوستانیوں کی آمد

نیویارک
آئی اے این ایس
وزیر اعظم ہند نریندر مودی کے اعزاز میں اتوار 28ستمبر کو نیویارک کے میڈیسن اسکوائر گارڈن (منہاٹن) میں ہندوستانی تارکان وطن کی جانب سے ایک شاندار اور فقید المثال استقبالیہ دیاجائے گا۔ اس تقریب میں شرکت کے لئے ساری شمالی امریکہ سے ہندوستانی تارکین وطن ، چارٹرڈ طیاروں، ٹرینوں اور بسوں ونیز کاروں کے ذریعہ نیویارک پہنچ رہے ہیں ۔ انڈین امریکن کمیونٹی فاؤنڈیشن کے ترجمان آنند شاہ نے بتایا کہ میدان پر لگ بھگ18500افراد جمع ہوں گے ۔ علاوہ ازیں توقع ہے کہ ہزاروں افراد ، اس استقبالیہ تقریب کو ٹائمس اسکوائر پر لگائے گئے ایک بڑے مانیٹر سٹ اپ پر دیکھیں گے ۔امریکہ کی زائد از 40یونیورسٹیاں اس تقریب کا ویڈیو رپلے کریں گی ۔ یہ تقریب ہماری برادری کے لئے ایک یادگار تقریب ہوگی۔30ہزار سے زیادہ افراد نے ٹکٹس کے لئے نام درج کرائے ہیں اور لاٹری کے ذریعہ18,500افراد چنے گئے ہیں۔ 2ہزار افراد کے نام ویٹنگ لسٹ میں ہیں۔ استقبالیہ تقریب کے شرکاء کی حیثیت سے زائد از 400تنظیموں کے ارباب مجاز نے دستخط کئے ہیں ۔ ہندوستانی برادری میں ایسے اتحاد کی مثال نہیں ملتی۔ آنند شاہ نے اگرچہ یہ نہیں بتایا کہ تقریب کے مصاررف کے لئے کتنے فنڈس اکٹھا کئے گئے ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس فاؤنڈیشن کو آن لائن کئی ہزار اوسط درجہ کے تحفے ملے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کئی افراد اس حقیقت کو مانتے ہیں کہ ہند۔ امریکہ تعلقات ایک ایسے مرحلے میں ہیں جو ہندوستانی امریکیوں اور(اصل) امریکیوں کو قریب لاسکتے ہیں ۔ اور ہندوستان اور امریکہ مضبوط تر تعلقات کے حامل بن سکتے ہیں ۔
یہ پہلا موقع ہے کہ اس قدر بڑے پیمانے پر ایک کمیونٹی استقبالیہ دیاجارہا ہے ۔ اس خیال کا اظہار گلوبل آرگنائزیشن آف پیپل آف انڈیا اور یجن (جی او پی آئی او) کے بانی تھامس ابراہم نے کیا۔ ہندوستانی برادری کے گروپس، امریکی معاشرہ تک رسائی اور ہندوستان کے بہتر امیج کی پیشکشی کے لئے خود اپنی برادری کو مجتمع کرتے ہوئے ایک شاندار کام انجام دے رہے ہیں ۔ اسی دوران آنند شاہ نے بتایا کہ توقع ہے کہ استقبالیہ تقریب میں کئی امریکی سیاستداں بھی شریک ہوں گے ۔ اس تقریب میں2مشہور ہندوستانی امریکنس ، مس امریکہ2014مینا داولوری اور ٹی بی ایس نیوز اورورویک اینڈ کے اینکر ہری سرینواسن بھی شریک ہوں گے ۔ ٹی وی ایشیا اس تقریب کو ٹیلی کاسٹ کرے گا۔ فاؤنڈیشن کے ویب سائٹpmmsit. orgپر بھی اس تقریب کو دیکھاجاسکتا ہے ۔ آنند شاہ نے بتایا کہ دوردرشن ، ٹائمز ناؤ اور این ڈی ٹی وی نے بھی ویڈیو فیڈس کے لئے خواہش کی ہے ۔ مودی ہندی میں خطاب کریں گے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں