مسلم یغور اسکالر کو سزا کے بعد سنکیانگ میں فساد - 50 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-27

مسلم یغور اسکالر کو سزا کے بعد سنکیانگ میں فساد - 50 ہلاک

سنکیانگ
یو این آئی
چین کے شورش زدہ علاقے سنکیانگ میں جہاں مسلم یغورااسکالر الہام توختی کو عمر قید کی سزا سنانے کے خلاف لوگ بھڑکے ہوئے ہیں،50فسادیوں کو ہلاک کردیا گیا ۔ ریاستی حکام نے یہ اطلاع دیتے ہوئے یہ بھی دعویٰ کیا کہ فسادات کا سبب بننے والے اصل مشتبہ شخص کو بھی ہلاک کردیا گیا ہے ۔ مسلم یغورا اسکالر الہام توختی (44) کو علیحدگی کی مہم چلانے کے الزام پر عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے ۔ توختی کے خلاف عمر قید کا فیصلہ منگل کو سنایا گیا۔ وہ ایک یونیورسٹی کے سابق پروفیسر ہیں اور مغربی علاقے میں بیجنگ حکومت کی پالیسیوں کے سخت ناقد رہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق سکنکانگ میں گزشتہ18ماہ سے جاری بد امنی کی وجہ سے اب تک کم از کم300افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ اس خطہ میں یغور نسل کی مسلم آبادی اور ہان نسل کے لوگوں کے درمیان کشیدگی چلی آرہی ہے ۔ سنکیانگ میں تازہ فسادات گزشتہ اتوار کے دھماکوں کے بعد شروع ہوئے ۔ ریاستی حکومت نے اپنے نیوز پورٹل پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ سیکوریٹی فورسس کی کارروائیوں میں ہنگامہ آرائی میں ملوث40افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔، اس بیان کے مطابق فسادات کے نتیجہ میں 6شہری،2 پولیس آفیسر اور معاون پولیس جوان بھی ہلاک ہوئے جب کہ50سے زائد شہری زخمی ہوئے ۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ2فسادیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ مامات ترسن نامی اصل مشتبہ شخص ہلاک ہوگیا ہے ۔ چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے تاہم ان واقعات سے قبل ازیں صرف2ہلاکتوں کی توثیق کی تھی۔
حکمراں کمیونسٹ پارٹی نے اس بحران زدہ علاقے تک رسائی انتہائی سخت بنارکھی ہے جس کی وجہ سے آزاد ذرائع سے معلومات کی توثیق مشکل ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ پرتشدد کارروائیوں کے بعد معلومات میں تاخیر عام بات سمجھی جاتی ہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں پولیس کی بھاری جمعیت تعینات ہے۔ کمیونسٹ پارٹی کے اخبار پیپلز ڈیلی کے ایک ذیلی اخبار دی گلوبل ٹائمز کے ادارتی صفحہ پر جہاں یہ لکھا گیا ہے کہ الہام توختی کا مقدمہ ہر اس شخص کے لئے ایک انتباہ ہے جو چین کو توڑنا چاہتا ہے وہیں امریکہ، یوروپی یونین اور انسانی حقوق کے متعدد گروپوں نے الہام توختی کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ تجزیہ کاروں کے مطابق الہام توختی کو سزا سے یغور برادری کی روشن خیال آوازیں دبنے اور ممکنہ بات چیت کا امکان ختم ہونے کااندیشہ ہے ۔

Xinjiang unrest China raises death toll to 50

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں