کشمیر سیلاب - متاثرین کو ضروری اشیاء پہنچانے کی ہدایت - وزیر اعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-11

کشمیر سیلاب - متاثرین کو ضروری اشیاء پہنچانے کی ہدایت - وزیر اعظم مودی

سری نگر
پی ٹی آئی
وادی کشمیر میں آج سیلاب کے پانی کی سطح میں کمی آنے شروع ہوگئی ہے جس سے سیول اور فوجی امدادی ٹیموں کو لاکھوں پھنسے ہوئے افراد تک پہونچنے کاموقع ملا ہے لیکن راحت کوششوں کی رفتارپر برہمی میں اضافہ ہوا ہے اور پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے ۔ امدادی کارکنوں نے مزید32ہزار500افراد کوحفاظت کے ساتھ منتقل کیا جس کے ساتھ ہی کئی اداروں کے مشترکہ آپریشن میں بچائے گئے افراد کی تعداد80ہوگئی ہے ۔ جب کہ ایک اندازہ کے مطابق5سے 6لاکھ لوگ اب بھی مدد کے منتظر ہیں ۔ حکام نے بتایا کہ 109سال کے بدترین سیلاب میں مرنے والوں کی تعدا 225سے زیادہ ہوگئی ہے ۔ ایک ایسے وقت جب کہ راحت کاموں سے نمٹنے کے طریقہ کار پر ریاستی حکومت پر تنقیدیں کی جارہی ہیں چیف منسٹر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ وہ عوام کے غصہ کو سمجھ سکتے ہیں ۔ برہم مقامی افراد نے سری نگر میں این ڈی آر ایف کے ایک جوان پر حملہ کردیا جب کہ فورس کے بعض دوسرے جوانوں کے ساتھ بھی اس وقت دھکم پیل کی گئی جب وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں راحت و بچاؤ آپریشنس میں مصروف تھے ۔ سینئر کانگریس لیڈرس سیف الدین سوز کے ساتھ بھی اس وقت دھکم پیل کی گئی جب وہ حماما علاقہ میں ایک رلیف کیمپ کا دورہ کرنے کے لئے گئے ۔ اس موقع پر برہم احتجاجیوں نے واپس جاؤ کے نعرے لگائے ۔ عمر نے سیلاب کی صورتحال کو ایک سنگین انسانی بحران قرار دیا لیکن اس تنقید کو مسترد کردیا کہ ان کی حکومت کچھ نہیں کررہی ہے ۔
فوج نے مواصلاتی رابطوں کو بحال کرنے پر توجہ مروکز کی ہے جن کے ٹوٹ جانے سے امدادی کاموں پر بری طرح اثر پڑا ہے ۔ سڑک کے راستے بحال کرنے کی کوششیں بھی جنگی پیمانہ پر جاری ہیں جب کہ کئی محصور مواضعات تک ہنوز رسائی نہیں ہوسکی ۔ تقریباً80ٹرانسپورٹ طیارے اور فضائی و فوج کے ہیلی کاپٹرس عوام کے تخلیہ اور امدادی سامان پہنچانے کی مہم میں مصروف ہیں۔ سیلاب کے پانی کی سطح کم ہونی شروع ہوچکی ہے لیکن دریائے جہلم کے اطراف کے علاقے میں پانی کی سطح میں اضافہ کا اندیشہ ہے ۔ دفاع کے ترجمان کرنل جی ڈی گو سوامی نے جموں میں ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ سری نگر میں پانی کی سطح میں3تا4فٹ کی کمی آئی ہے ۔ ایک اطلاع کے مطابق تقریباً ایک ہزار فوجی جوان اور عہدیدار اپنے خاندانوں کے ساتھ کشمیر کے مختلف کیمپس میں غذا اور پانی کے بغیر پھنسے ہوئے ہیں۔ ایک فوجی عہدیدار نے بتایا کہ جنوبی کشمیر اور سری نگر میں فوج کے کئی کیمپس سیلاب کی زد میں آگئے اور تقریباً ایک ہزار فوجی ارکان اور ان کے خاندان پھنسے ہوئے ہیں جن کے پاس خوراک اور پانی بھی نہیں ہے ۔ لاکھوں افراد کے تخلیہ کی مہم میں فوج دن رات مصروف ہے لیکن ان پھنسے ہوئے فوجیوں تک تا حال رسائی نہیں ہوسکی ۔ بتایاجاتا ہے کہ وسطی اور جنوبی کشمیر میں20چھوٹے اور بڑے فوجی کیمپس واقع ہیں جو سیلاب سے متاثر ہوئے ۔ فوج نے8ستمبر کو اپنے1400سپاہیوں اور ان کے ارکان کاندان کو بچایا تھا جو کشمیر کے فوجی ہیڈکوارٹر واقع بادامی باغ کنٹونمنٹ میں پھنس گئے تھے ۔
نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی نے آج عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں زبردست سیلاب کے پیش نظر بچاؤ اور راحت آپریشنس میں ریاستی حکومت کی مکمل مدد کریں ۔ انہوں نے متاثرہ افراد میں ضڑوری اشیاء جلد پہونچانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ مودی نے آج رات ریاست میں ریلیف آپریشنس کا جائزہ لینے کے لئے اعلٰی سطح کی ایک ہنگامی میٹنگ کی صدارت کی اور سانحہ سے متاثرہ افراد کو خوراک اور پ انی جیسی بنیادی چیزیں فراہم کرنے کی فوری توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے ہدایت دی ہے کہ سری نگر ٹاؤن میں متاثرہ افراد کو ضروری اشیاء کی فراہمی پر توجہ دی جائے ۔ انہوں نے وزارت داخلہ کو ہدایت دی کہ سری نگر میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ راحت آپریشنس میں تال میل پیدا کرنے کے لئے دہلی اور دوسری ریاستوں سے سینئر عہدیداروں کو فوری روانہ کیاجائے۔ دفتر وزیر اعظم سے جاری ایک بیان کے مطابق مودی نے کہا کہ سری نگر کے پانی میں گھرے ہوئے علاقوں میں صفائی ستھرائی کویقینی بنانے کے لئے کوششیں کی جانی چاہئے ۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ٹیلی کمیونیکیشن رابطوں کو بحال کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے اور سری نگر میں تقریباً آٹھ ہزار لینڈ لائنس کو بحال کیا گیا ہے ۔ موبائل سرویسس بھی سرویس پروائیڈر ایر سال کے ذریعہ جزوی طورپر بحال کردی گئیں۔
سری نگر سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب آرمی چیف دلبیر سنگھ سوہاگ نے آج کہا ہے کہ فوج کشمیر کے متاثرہ افراد کو راحت پہونچانے کے لئے رات دن کام کرتی رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں سیلاب کی صورتحال بہتر ہورہی ہے ۔ انہوں نے متاثرہ افراد کو خوراک ، پانی اور دوائیں پہونچانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ فوج کی جانب سے شروع کردہ بچاؤ سرگرمیوں کی نگرانی کے لئے ریاست کے دارالحکومت کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ دو سے تین دنوں میں صورتحال میں قابل لحاظ بہتری آئے گی ۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ صورتحال بہتر ہورہی ہے ۔ پانی کی سطح کم ہورہی ہے ۔ تین دن پہلے میں یہاں آیا تھا اور تب سے اب تک پانی کی سطح میں4سے5فٹ اور بعض بعض جگہ چھ فیٹ کی کمی ہوئی ہے ، حالات بہتر ہورہے ہیں۔ سوہاگ نے بچائے گئے افراد کو راحت فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

PM asks officials to ramp up relief operations in J&K

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں