سطح مریخ کی تصاویر کا پہلا سیٹ وزیر اعظم مودی کو پیش کیا گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-26

سطح مریخ کی تصاویر کا پہلا سیٹ وزیر اعظم مودی کو پیش کیا گیا

نئی دہلی/ بنگلور
آئی اے این ایس
صدر نشین انڈین اسپیس ریسرچ آگرنائزیشن(اسرو) کے رادھا کرشنن نے آج وزیر اعظم نریندرمودی کو سطح مریخ کی تصاویر کا پہلا سیٹ پیش کیا ۔ ہندوستان کی خلائی گاڑی مارس آربیٹر نے یہ تصاویر لی ہیں۔ کل، مدار مریخ میں داخل ہونے کے 2ہی گھنٹے بعد اس خلائی گاڑی نے مریخ کی تصاویر لینا اور زمین پر بھیجنا شروع کردیا تھا ۔ بنگلور میں آج اسرو کے عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ اسرو کے سائنٹفک سکریٹری دی کوٹیشورراؤ نے کہا کہ ’’ہمارے مریخ کلر کیمرہ( ایم سی سی) نے مریخ کے ترچھے مدار میں استحکام حاصل ہونے کے بعد تصاویر لینی شروع کردیں ۔ مریخ کی سطح اور اس کے اطراف کی 12معیاری تصاویر لی گئیں۔‘‘ مذکورہ کیمرہ نے پہلی تصویر7,300کلو میٹر کی بلندی سے لی ۔ وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او)نے بتایا کہ رادھا کرشنن نے آج نئی دہلی میں مودی کو مذکورہ تصاویر کا پہلا سیٹ پیش کیا۔ یہ کیمرہ پانچ سائنٹفک آلات میں شامل ہے جن کے ذریعہ آئندہ6ماہ میں مریخ کی سطح پر معاون زندگی عناصر کی موجودگی کا جائزہ لیاجائے گا۔ مذکورہ کیمرہ کے ذریعہ مریخ کی سطح کی تصاویر کے ساتھ ساتھ موسمی حالات اور گرد و غبار کے طوفان کی تصاویر بھی لی جائیں گی ۔ یہ کیمرہ مریخ کے اطراف گردش کرنے والے دو چاندوں فوبوس اور ڈیموس کی تصاویر بھی لے گا اور بنگلور کے قریب واقع ڈیپ اسپیس نیٹ ورک سنٹر کو یہ تصاویر بھیجے گا۔ بنگلور میں واقع مشن کنٹرول سنٹر کے سائنسدانوں نے بتایا کہ مریخ کے اطراف ہندوستان کی خلائی گاڑی(مریخ مشن) کی مدار گردش پر قریبی نظر رکھی گئی ہے اور اس گاڑی کے تمام آلات کی کارکردگی پر 24گھنٹے نظر رکھی جارہی ہے ۔ یہ آلات پوری طرح کام کررہے ہیں۔ دیگر چار آلات کے ذریعہ مریخ کی سطح پر تجربات کئے جائیں گے اور معدنی دولت کے بارے میں معلومات حاصل کئے جائیں گے ۔ میتھین گیس کی موجودگی کا بھی پتہ چلایاجائے گا اور یہ دیکھاجائے گاکہ یہ گیس انسانی حیات کے لئے ممد و معاون ہے ۔

ISRO chief presents Mars' first images to PM Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں