اے پی کی ای کابینہ کا اجلاس کاغذ کا استعمال ترک - ای حکمرانی کی طرف نائیڈو کا قدم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-16

اے پی کی ای کابینہ کا اجلاس کاغذ کا استعمال ترک - ای حکمرانی کی طرف نائیڈو کا قدم

حیدرآباد
پی ٹی آئی
ریاست آندھرا پردیش نے ای حکمرانی میں ایک قدم مزید پیشرفت کرتے ہوئے آج ای کابینہ اجلاس منعقد کیا جس کے دوران کاغذ کاکوئی استعمال نہیں ہوا ۔ اس طرح کابینہ نے کاغذ کے بغیر کام کرنا شروع کردیا ہے ۔، چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈواور ان کے وزراء آج اپنے اپنے ہاتھوں میں آئی پیاڈس لئے اجلاس میں پہونچے جسے انہوں نے ای کابینہ کا نام دیا ۔ ملک میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا اقدام ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ ریاستی کابینہ کا معمول کا ایک اجلاس تھا تاہم اس کی انفرادیت یہ تھی کہ اجلاس میں کاغذپر کوئی کام نہیں ہوا کیونکہ حکومت اپنی کارروائیوں اور مختلف امور کی انجام دہی کے لئے الیکٹرانک طریقہ کار اختیار کرتی جارہی ہے ۔ کابینی اجلاس کا ایجنڈہ اور اس کی تمام چھوٹی بڑی تفصیلات الیکٹرونک طور پر ریکارڈ کردی گئی تھیں جب کہ مباحث کو طول دینے اہم موضوعات پر پاور پوائنٹ کے ذریعہ تفصیلات پیش کی گئیں۔ چیف منسٹر کے دفتر نے یہ بات بتائی ۔ واضح ہو کہ ماضی میں بھی1995-2004کے دوران این چندرابابو نائیڈو کی سابقہ حکومت نے مختلف ای گورننس اقدامات کا آغاز عمل میں لایا تھا ۔ اب اپنے موجودہ دور میں بھی چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو حکمرانی کے لئے عصری ٹیکنالوجی کے استعمال کے خواہاں ہیں۔
ای حکمرانی اور ای کابینہ کے لئے وہ کلاؤڈ ٹکنالوجی اختیار کرنا چاہتے ہیں تاکہ اس اقدام کو یاد گار بنایاجائے ۔ ای کابینہ میں وزراء اور بیورو کریٹس کے لئے ایک نیا فائل شیرنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جسکے لئے فائنل کلاؤڈ ٹول کا استعمال کیا گیا ۔ حال ہی میں اس کی مشق کی گئی ۔ اس کے بعد آج اسے پہلی مرتبہ استعمال میں لایا گیا ۔ اس طرح آج کے بعد کابینہ کے تمام اجلاس کی یہ ایک مستقل خصوصیت بن جائے گی۔ آئی اے این ایس کے بموجب آج اے پی کا ای کابینہ اجلاس منعقد ہوا ۔ چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو کی قیادت میں منعقدہ اجلاس میں آئی پیاڈس اور پاورپوائنٹ پر یزنٹیشن نے کاغذ کی جگہ لے لی ۔ اے پی میں تلگو دیشم حکومت کے آج100دن کی تکمیل کے موقع پر ای کابینہ اجلاس منعقد کیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ کابینی اجلاس کا ایجنڈہ وزراء کو ذریعہ ای میل پیشگی روانہ کردیا گیاتھا ۔ این چندرابابو نائیڈو نے تمام وزراء سے کہا تھا کہ وہ اپنے اپنے آئی پیاڈس کے ساتھ کابینی اجلاس میں شرکت کریں ۔ ہائی ٹیک چیف منسٹر کے نام سے مشہور این چندرابابو نائیڈو نے ایک پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ اپنی حکومت کی100دن کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اجلاس صبح10بجے شروع ہوا جو دوپہر تک جاری رہا۔ اجلاس میں ریاست کے نئے دارالحکومت کی تعمیر کے لئے حصول اراضی اور فنڈس جمع کرنے کے موضوع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر بلدی نظم و نسق پی نارائنا نے اپنی رپورٹ پیش کی ۔

Chandrababu Naidu holds e-Cabinet meeting

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں