نریندر مودی کے اعزاز میں کل بارک اوباما کا ڈنر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-28

نریندر مودی کے اعزاز میں کل بارک اوباما کا ڈنر

نیویارک
یو این آئی
امریکی عوام اور مبصرین کو حیرت ہورہی ہے کہ وزیرا عظم ہند نریندر مودی،پیر29ستمبر کوواشنگٹن میں صدر بارک اوباما کی جانب سے ان کے اعزاز میں دئیے جانے والے ڈنر میں کھانا کیوں نہیں کھائیں گے ۔ بہت کم لوگ اس بات سے واقف ہیں کہ مودی ، جب انہیں ڈنر دیاجائے گا’’نوراتری برت‘‘ رکھ رہے ہوں گے ۔ اس دعوت میں امریکی نظم و نسق کے اعلیٰ و با اثر عہدیدار شریک رہیں گے ۔ اور اس ضیافت کے موقع پر اصل مہمان(مودی) کی ڈنر پلیٹ خالی رہے گی ۔ وائٹ ہاؤز کے ترجمان نے بتایا کہ مودی’’نوراتری برت‘‘ رکھنے والے ہیں اور یہ برت امریکی نظم و نسق کے لئے کوئی مسئلہ نہیں ہے کیونکہ امریکی نظم و نسق ، مہمانوں کے طریقہ کار کا احترام کرتا ہے ۔ ’’ہم وزیر اعظم ہند کے دورہ واشنگٹن کے دوران ان کے برت کے منصوبوں سے واقف ہیں ۔ گزشتہ کئی برسوں سے جیسا کہ صدر امریکہ کی جانب سے تمام مہمانوں کے لئے ضیافت کا اہتمام کیاجاتا ہے ہم ہمیشہ ہی اپنے مہمانوں کے طریقہ کار کو ملحوظ رکھتے ہیں۔
نیشنل سیکوریٹی کونسل(این ایس سی) کی ترجمان سیٹلن ہائیڈن نے یہ بات بتائی ۔ وزارت خارجہ ہند کے ترجمان سید اکبر الدین نے بھی کہا ہے کہ یہ معمول کا سفارتی عمل ہے جب ہم مذاکرات کا اہتمام کرتے ہیں اور جب میزبان اور مہمان کے لئے طعام کا اہتمام کرتے ہیں تو مہمان کی غذائی ترجیحات کو ملحوظ رکھاجاتا ہے ۔ ان ترجیحات سے میزبان انتظامیہ کو واقف کرادیا گیا ہے ۔ چنانچہ میزبان انتظامیہ نے اس بات کا نوٹ لیا ہے اور اسی مناسبت سے ہر چیز تیار کی ہے ۔ مودی درگا دیوی کے معتقد ہیں اور سخت ویجیٹیرین ہیں اور غذا کے معاملہ میں سخت ترین قسم کا پرہیز بھی کرتے ہیں ۔ 1970کے دہے سے انہوں نے صرف پانی پر برت رکھا ہے ۔2012میں ایک بلاگ میں انہوں نے(مودی) لکھا ہے کہ’’ہاں میں گزشتہ35برس سے نوراتری کے دوران برت رکھتے آرہا ہوں ۔ اس برت کا مقصد کسی شئے کا حصول ہرگز نہیں بلکہ خود کی تطہیر ہے ۔ اس قسم کے برت، گزشتہ کئی برسوں سے میرے لئے طاقت و حوصلہ کا ذریعہ رہے ہیں۔

Modi Will Be Fasting During White House Dinner

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں