ہندوستان سارک ممالک میں تعلقات کے فروغ کے لئے پابند عہد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-26

ہندوستان سارک ممالک میں تعلقات کے فروغ کے لئے پابند عہد

نئی دہلی
یو این آئی
مرکزی مملکتی وزیر ثقافت و سیاحت شری پدنایک نے یہاں24ستمبر 2014کو منعقدہ سارک کے ثقافتی وزراء کی تیسری میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہند ، وزارت ثقافت اور خود اپنی طرف سے میں سارک کے رکن ممالک کے تمام ثقافتی وزراء ، ثقافتی سکریٹریز اور ممتاز وفود کا تہہ دل سے خیر مقدم کرتا ہوں ۔ میں میٹنگ کے کامیاب اختتام اور ثقافتی امور میں سارک خطے کی مصروفیت کے تئیں وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ سارک کے وزرائے ثقافت کی میٹنگ ہوئے ایک عرصہ گزر چکا ہے اور ہماری حکومت اس موقع کا استعمال اس بات کے اعادہ کے لئے کرنا چاہے گی کہ ہم سارک خطے میں تعلقات کے فروغ کے تئیں پابند عہد ہیں ۔ سارک کے ثقافتی وزراء کی تیسری میٹنگ جو آج شروع ہورہی ہے اس میں ثقافت سے متعلق سارک ملکوں کا ایجنڈا پیش کیاجائے گا اور دہلی اعلامیہ کو اختیار کیاجائے گا۔
اس کے ساتھ مقررہ وقت پرایک روڈ میپ تیار کیاجائے گا جس سے ثقافتی اداروں کے اندر نئی توانائی آئے گی اور ان فنکاروں ، مصنفین اور اسکالروں کے اندر جوش و جذبہ پیدا ہوگا جو رقص ، ادب، میوزیم ، آرکائیوز، لائبریریز اور جدید فن کے شعبوں میں کام کرتے ہیں ۔ اس مقصد کے مد نظر ہندوستان سارک خطے میں اداروں کی مضبوطی کے لئے افراد ی قوت اور ذرائع کے استعمال کے تئیں پابند عہد ہے تاکہ ہم اپنی مالا مال ثقافتی وراثتوں کا تحفظ کرسکیں ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے متعدد سارک ممالک کا پہلے ہی دورہ کررکھا ہے اور انہوں نے تمام سطحوں پر دو طرفہ تعلقات کے تئیں ہندوستان کی عہد بستگی کا اشارہ کیا ہے اور اسی کے ساتھ عوام سے عوام کے رابطے بڑھانے کی بات کہی ہے ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے بھی دو طرفہ تعلقات کو وسیع کرنے کے لئے کئی سارک ملکوں کا دورہ کیا ہے ۔ ایک بار پھر میں آپ سب کا خیر مقدم کرتا ہوں اور ہندوستان میں آپکے خوشگوار قیام کی تمنا کرتا ہوں ۔

India committed to promoting relations in SAARC countries

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں