اقوام متحدہ میں مودی کا پاکستان کو دو ٹوک جواب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-28

اقوام متحدہ میں مودی کا پاکستان کو دو ٹوک جواب

اقوام متحدہ
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے اقوام متحدہ میں اپنے اولین خطاب میں پاکستان پر زور دیا کہ وہ دو طرفہ بات چیت کے لئے سازگار ماحول تیار کرے ۔ انہوں نے کہا کہ بر صغیر میں امن کو حکومت ہند کے نزدیک بڑی اہمیت حاصل ہے اس لئے پاکستان کو چاہئے کہ وہ باہمی مذاکرات کے لئے بلا شرط سامنے آئے۔ ہمسایہ ملکوں سے دوستی اور تعاون پر اپنے یقین کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ افغانستان میں تشدد پر یقینی فتح حاصل ہوگی جہاں جمہوریت کے حق میں آوازاٹھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دنیا کو دہشت گردی سے محفوظ بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ دہشت گردوں کو آج بھی کئی ملکوں میں پناہ حاصل ہے اور یہ عفریت کئی ملکوں کی سرکاری پالیسی کا حصہ بھی ہے ۔ اس صورتحال کو بدلنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے اس کے لئے دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی کنونشن پر زور دیا ۔ اس استدلال کے ساتھ کہ یہ دنیا اب کسی ایک ملک کے اشارے کی محتاج نہیں بلکہ مل جل کر کام کرنے کی جگہ ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ بدلتے ہوئے حالات کے مطابق قدم اٹھایا جائے تاکہ ہمہ جہتی کو فروغ حاصل ہو ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان عالمی امن اور خوشحالی پر یقین رکھتا ہے اور پوری دنیا کو ایک کنبہ سمجھتا ہے ۔ مودی نے ایشیاء اور افریقہ میں جمہوریت کی لہر کو مثبت رخی قرار دیا اور کہا کہ وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ کے70سالہ سفر کا جائزہ لیتے ہوئے2015کو ایک نیا موڑ دینے والا سال بنایاجائے ۔وزیر اعظم نے بدلتے ہوئے اقتصادی منظر نامے پر بھی اظہار خیال کیا۔
اقوام متحدہ سے اپنے اولین خطاب میں مسٹر مودی نے کہا کہ وہ ہندوستان کے ایک ارب 25کروڑ لوگوں کی خواہشات ، امنگوں اور توقعات سے بخوبی آگاہ ہیں۔ وہ ہندی میں تقریر کررہے تے۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان جن اقتصادی اور معاشرتی آزمائشوں سے گزر رہا ہے تاریخ میں اس کی نظیر نہیں ملتی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے عالمی برادری سے بین الاقوامی دہشت گردی پر ایک جامع قرار داد( سی سی آئی ٹی) منظور کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف اپنی تفریق مٹا کر مزید مضبوطی کے ساتھ جامع کوشش کریں ۔ مودی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے69ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دہشت گردی کے سلسلے میں عالمی کوششوں کو سنجیدگی پر سوالیہ نشان کھڑا کیا اور کہا کہ دہشت گردی کو اچھا بُرا قرر دینے والے اور اس کی پشت پناہی کرنے والے ممالک کے خلاف کارروائی کے بغیر اس خطرے کو مٹانا ممکن نہیں انہوں نے یہ بھی کہا کہ خلاء ، سمندر اور سائبر اسپیس تینوں جگہ آپس میں جوڑنے والی جگہ سمجھی جاتی ہے لیکن اب یہ ٹکراؤ کی جگہ بن گئی ہیں۔ اس پر قابو پایاجانا چاہئے ۔

India's Modi jabs at Pakistan, encourages yoga in UN address

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں