داعش نے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں پمفلٹ بانٹے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-05

داعش نے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں پمفلٹ بانٹے

اسلام آباد
یو این آئی
دولت اسلامیہ برائے عراق و شام(داعش) سے منسلک ایک گروپ نے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقہ جات خاص طور پر افغان مہاجر کیمپوں میں کتابچے تقسیم کیے ہیں ۔ پاکستانی ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق پشتو اور دری زبانوں میں شائع اس کتابچے کا عنوان’’فاتح‘ ہے اور اس کے سر ورق پر داعش کے جھنڈے اور کلاشنکوف کی تصویر ہے ، رپورٹوں میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کتابچے کو افغانستان کے کچھ علاقوں میں بھی تقسیم کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ایک افغانی قومیت رکھنے والے شخص کی قیادت میں چھوٹا سا گروپ ان کتابچوں کو تقسیم کررہا تھا ۔ کتابچے میں کہا گیا ہے کہ عراق اور شام کے علاقوں میں قائم کی گئی خلافت کو خراسان تک توسیع دی جائے گی جس میں پاکستان ، ایران، افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک شامل ہوں گے ۔ ایک سیکوریٹی عہدیدار نے بتایا کہ داعش سے منسلک گروپ کے منظر عام پر آنے سے پاکستان میں عسکریت پسندی کے منظر نامے میں تبدیلی نہیں آئے گی ۔ اس نے بتایا کہ مقامی عسکریت پسند افغان طالبان کے لیڈر ملا محمد عمر کے وفادار ہیں اور انہیں اپنا امیر المومنین تصور کرتے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ داعش سے منسلک افراد عسکریت پسند گروپوں کو اپنی جانب متوجہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔ سیکوریٹی عہدیدار نے کہا کہ خطے میں القاعدہ بھی طویل عرصے سے کام کررہی ہے اور اس کے اتحادی بھی یہاں موجود ہیں جو داعش کو یہاں جگہ بنانے کی اجازت نہیں دیں گے ۔

Pakistan denies presence of ISIS after promotional literature found in tribal areas

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں