جرمن الیکٹرانک انڈسٹری کو ہندوستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-23

جرمن الیکٹرانک انڈسٹری کو ہندوستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب

برلن
آئی اے این ایس
مواصلات و انفارمیشن ٹکنالوجی کے وزیر روی شنکر پرساد نے جرمنی کی الیکٹرانک انڈسٹری کو ہندوستان میں سرمایہ کاری کے لئے مدعو کیا ہے ۔ انہوں نے اس طاقتور یوروپی ملک کے اپنے ایک ہفتہ طویل دورہ کے دوران مقامی بزنس لیڈرس سے ملاقات کی اور انہیں وزیر اعظم نریندر مودی کے ’’ڈیجیٹل انڈیا‘‘ ویژن سے واقف کرایا۔ شنکر پرساد نے مقامی کمپنی زیڈ وی ای آئی اور دیگر کمپنیوں کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے انہیں ہندوستان میں دی جارہی سہولتوں سے استفادہ کرنے کی خواہش کی ۔ انہوں نے بازار میں مسابقت و کامیابی کے حصول کے لئے مینو فیکچرنگ کے شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرنے پر بھی زور دیا ۔ اس دوران جرمن کمپنیوں نے فرینکفرٹ میں ہندستانی وزیر اور ان کے وفد کے لئے منعقدہ عشائیہ میں بھی شرکت کی ۔ ہندوستانی وفد نے فرینکفرٹ میں نو کیا اور دیگر کمپنیوں کے ذمہ داروں سے بھی ملاقات کی ۔ شنکر پرساد نے فرینکفرٹ میں انڈیا بزنس فورم (آئی بی ایف) کے نمائندوں کے ایک سیشن کو بھی مخاطب کیا جس میں زائد از200ارکان نے شرکت کی جب کہ اس پروگرام کا انعقاد ہندوستانی قونصل جنرل کی جانب سے کیا گیا تھا ۔ اس پروگرام کے انعقاد کا مقصد ہندوستانی پیشہ ور افراد ، تاجرین اور دیگر چھوٹے کاروباریوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لانا تھا ۔ آئی بی ایف کے اس سیشن میں ہندوستان کی سرکردہ کمپنیوں جیسے ٹی سی ایس، انفوسس ،وپرو اور ایچ سی ایل کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ انہوں نے ہندوستانی حکومت کی جانب سے اپنائی گئی پالیسی اور دیگر ترجیحات کا تفصیلی احاطہ کیا۔

German electronic firms interested in India: Ravi Shankar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں