جموں کشمیر میں سیلاب کی صورتحال - عمر عبداللہ کے اقدامات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-05

جموں کشمیر میں سیلاب کی صورتحال - عمر عبداللہ کے اقدامات

سری نگر۔جموں
پی ٹی آئی
چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے ریاست میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں عوام کے جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات کرنے کی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے ۔ یہاں پر پولیس کنٹرول روم میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں ریاست میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد چیف منسٹر نے یہ بات کہی ۔ سرکاری ترجمان نے بتایا کہ عمر عبداللہ نے انسانی جانوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے حرکیاتی اور موثر راحت کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ اجلاس میں ر یاستی وزیر برائے فلڈ کنٹرول شیام لال شرما مملکتی وزیر نذیر احمد گریزی اور سینئر عہدیدار نے شرکت کی ۔ ڈیویژنل کمشنر کشمیر روہت کنسال اور چیف انجینئر آبپاشی و فلڈ کنٹرول جاوید احمد نے چیف منسٹر کو مسلسل بارش اور سیلاب کے باعث عوام کو راحت فراہم کرنے اور ریلیف کے منصوبوں کے تعلق سے واقف کروایا ۔ چیف منسٹر کو عوام کے جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے کئے جارہے اقدامات کے بارے میں تفصیلات فراہم کی گئیں ۔ ڈپٹی کمشنر سری نگر نے بتایا کہ عوام کو سیلاب زدہ علاقوں سے منتقل کرنے کے لئے سری نگر سے جنوبی کشمیر کو50کشتیاں روانہ کردی گئی ہیں اور اس سلسلہ میں مزید100کشتیاں حاصل کی جائیں گی ۔ مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرس کو ہدایت دی گئی ہے اور وہ سیلاب زدہ علاقوں کے عوام کو منتقل کرنے کے لئے کشتیاں حاصل کریں ۔ جموں و کشمیر میں گزشتہ پانچ روز سے جاری موسلا دھار بارش کے باعث آنے والے سیلاب نے متعدد علاقوں میں تباہی مچا دی ہے جب کہ ریاست بھر میں عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے ۔ بارش اور سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے گزشتہ24گھنٹوں کے دوران10افراد کی موت ہوگئی ہے ۔ وادی کشمیر کے 5اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے آج بند ہے۔ سری نگر ، پلوامہ ، اننت ناگ، کلگام اور شوپیان میں بارش کے باعث امکانی سیلاب کے پیش نظر تعلیمی اداروں کو بند رکھا گیا ۔ دریائے جہلم میں پانی کی سطح مین مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث اس کے آس پاس رہائش پذیر لوگوں میں شدید خوف و ہراس پیدا ہوگیا ہے ۔ ڈویژنل کمشنر کشمیر کی طرف سے دریائے جہلم کے آس پاس رہنے والے لوگوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے ۔ جموں سری نگر قومی شاہراہ کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے بند کردیا گیا ہے ۔ شاہراہوں کو بند کرنے کے نتیجہ میں سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہوکر رہ گئی ہیں۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹریفک کی آمد ورفت کو دونوں اطراف سے بند کردیا گیا ہے ۔ سری نگر اور دوسرے اضلاع میں بیشتر سڑکیں زیر آب آگئی ہیں جن کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے بند کردیا گیا ہے۔ اسی دوران سری نگر کے محلہ اولڈ برزولا کے شہری جو اطراف سے سیلاب کے پانی میں گھرے ہوئے ہیں نے حکومت کی جانب سے پانی کے بہاؤ کے لئے راستہ بنانے کے لئے جے سی بی مشین ے بھیجے جانے کاانتظار کیا تاہم تاخیر ہونے پر بعض نوجوانوں نے اپنے طور پر باندھ کو توڑنے کی کوشش کی مگر انہیں مشکلات پیش آئیں جس کے بعد انہوں نے اپنے طورپر خانگی جے سی بی کا انتظام کیا جس کے ذریعہ باندھ کا حصہ منہدم کیا گیا۔ بعد ازاں اس علاقہ میں اندرون ایک گھنٹہ پانی کی سطح کم ہوگئی اور انہیں راحت فراہم ہوئی۔

Flood situation in J&k Omar orders necessary help

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں