آندھرا کے ضلع کڑپہ میں ڈی آر ڈی او کے لئے اراضی منظور کرنے پر زور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-11

آندھرا کے ضلع کڑپہ میں ڈی آر ڈی او کے لئے اراضی منظور کرنے پر زور

حیدرآباد
یو این آئی
ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) کے عہدیداروں نے آج اے پی کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے یہاں ان کے کیمپ آفس میں ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران ڈی آر ڈی او کے عہدیداروں نے چیف منسٹرسے درخواست کی کہ ضلع کڑپہ کے کوپرتی موضع میں ڈی آڑ ڈی او لیباریٹری کے لئے اراضی منظور کی جائے ۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو مطلع کیا کہ کوپر تی موضع میں لیباریٹری کے قیام کے لئے3383ایکر اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں الیکٹرانک وار فیر پراجکٹس اور ایک ایوالیوشن یونٹ تعمیر کیاجائے گا ۔ چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے ڈی آر ڈی او عہدیداروں کی درخواست پر رضا مندی کا اظہار کیا ۔عہدیداروں نے چیف منسٹر کو مزید بتایا کہ حکومت ہند نے پراجکٹ کے پہلے مرحلہ کے لئے پہلے ہی468کروڑ روپے منظور کئے ہیں۔ پراجکٹ کے لئے آئندہ 10برسوں کے دوران جملہ 10ہزار کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر کو یہ بھی بتایا کہ ڈی آر ڈی او لیباریٹری کا قیام نا صرف قومی بلکہ بین قومی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کو بھی راغب کرے گا ۔ چیف منسٹر کو بتایا گیا کہ پراجکٹ کا پہلا مرحلہ 42ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا ۔ عہدیداروں کی ٹیم نے بتایا کہ ڈی آر ڈی او تجربہ گاہ کے قیام کے بعد1500ملازمتیں فراہم کی جاسکیں گی جن میں ہنر مند۔ نیم ہنر مند اور غیر ہنر مند افرادی قوت شامل ہے ۔ بابو نے اس موقع پر ڈی آر ڈی او کے عہدیداروں کو حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے تعاون کا بھی تیقن دیا ۔

DRDO Seeks Land to Set Up Lab in Kadapa Dist

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں