مہاراشٹر - کانگریس اور سماجوادی پارٹی کے درمیان بھی اتحاد ختم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-28

مہاراشٹر - کانگریس اور سماجوادی پارٹی کے درمیان بھی اتحاد ختم

ممبئی
یو این آئی
کانگریس اور سماجوادی پارٹی کے درمیان مہاراشٹرا میں اسمبلی انتخابات کے لئے ہوا اتحاد24گھنٹے بھی باقی نہیں رہ سکا ، اور آج دونوں پارٹیاں الگ ہوگئیں ہیں ۔ ذرائع کے مطابق کانگریس اور سماجوادی پارٹی کے درمیان کل جو اتحاد ہوا تھا وہ آج ٹوٹ گیا ۔ ایس پی نے کانگریس کے انتخابات کے لئے 10سیٹوں کا مطالبہ کیا تھا جب کہ کانگریس نے ایس پی کو8سیٹیں دی تھیں اور اسی پر دونوں پارٹیوں کا اتفاق ہوا تھا اور دونوں میں اتحاد بھی قائم ہوگیا تھا۔
مہاراشٹر کے اسمبلی انتخابات سے عین قبل کانگریس اور سماجوادی پارٹی اتحا دٹوٹ جاے پر ریاستی اسمبلی صدرورکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے کانگریس کو فریبی پارٹی قرار دیتے ہوئے اس پر پیٹھ میں خنجر گھونپنے کا سنگین الزام عائد کیا اور کہا کہ تن تنہا سماجوادی پارٹی انتخابی اکھاڑے میں اپنے امیدوار اتارے گی اور بھرپورطاقت سے انتخابات میں حصہ لے گی ۔ ممبئی کے سماجوادی پارٹی دفتر میں منعد ایک پریس کانفرنس میں ابو عاصم اعظمی نے کہا کہ سیکولر ووٹوں کی تقسیم نہ ہو اس کے لئے سماجوادی پارٹی نے سیکولر پارٹیوں سے انتخابی مفاہمت کے لئے بات چیت بھی ہوگئی تھی لیکن دیر رات گئے تک کانگریس کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا۔ میں نے جب رات میں وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان کو فون کیا تو انہوں نے کہاکہ اب تک دہلی سے میڈم نے انتخابی مفاہمت پر مہر ثبت نہیں کی ہے ۔
انہوں نے درایافت کیا کہ بغیر میڈم(سونیا گاندھی) کے اجازت کے ہی سماجوادی پارٹی سے وزیرا علیٰ بات کررہے تھے ۔ کانگریس نے ہمیں گمراہ کیا ہے اور کانگریس کی اسی دھوکہ بازی کے سبب ہمارے امیدواروں کو اے بی فارم تک فراہم نہیں ہوسکا ہے جتنے جگہ اے بی فارم پہنچا ہمارے امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی ہم نے تنہا الیکشن لڑا ہے اور4نشستیں بھی حاصل کی ہیں اس مرتبہ بھی ہم تنہا الیکشن لڑنے تیار ہیں۔ اخباری نمائندوں کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کانگریس کے اس عمل سے سماجوادی پارٹی کو نقصان پہنچا ہے اور اسی دھوکہ بازی کو اجاگر کرنے کے لئے ہم نے یہ پریس کانفرنس منعقد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی مہاراشٹر میں77نشستوں پر اپنے امید وار کھڑے کرنے کو تیار تھی اور اتنے امیدواروں نے ہم سے ٹکٹ کا بھی تقاضہ کیا تھا لیکن کسی بھی سمجھوتہ کے سبب اے بی فارم نہیں دیاگیا لیکن بعد میں کانگریس نے ہی انتخابی مفاہمت توڑ کر ہمارے پیٹھ میں خنجر گھونپ دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے گوونڈی شیواجی نگر حلقہ انتخاب سے پرچہ نامزدگی داخل کردیا ہے اور بھیونڈی مغرب سے میرے فرزند ابو فرحان اعظمی نے بھی پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے ۔ دونوں حلقوں میں کانگریس نے بھی اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں ۔ کانگریس سے انتخابی مفاہمت کا مقصد ہی سیکولر ووٹوں کی تقسیم کو روکنا ہے اسی لئے ہم نے یہ بات چیت کا عمل رکھا تھا لیکن یہ اتحاد اب پارہ پارہ ہوگیا ہے ۔

کانگریس مہاراشٹرکی تمام سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے گی
نئی دہلی سے یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب کانگریس نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ساتھ اتحاد ٹوٹنے کے بعد آج مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے لئے اپنے امیدواروں کو اعلان کر دیا ۔ کانگریس مہاراشٹر کی تمام 288سیٹوں پر انتخاب لڑے گی ۔ ریاست میں یہ اتحاد 15برسوں تک جاری رہا اور جمعرات کو این سی پی نے تنہا انتخابات لڑنے کا اعلان کیا تھا ۔ اس کے بعد مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان نے گورنر کو اپنا استعفیٰ سونپ دیا ۔ ریاست میں کانگریس اسمبلی کے تین انتخابات کے بعد پہلی مرتبہ تنہا انتخاب لڑنے کے لئے میدان میں اتری ہے ۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے174اور این سی پی نے114سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے تھے ۔

Congress snaps ties with SP in Maharashtra

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں