hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں 2014-sep-28 |
انسداد جرائم ٹیم نے65افراد کو حراست میں لیا
یو این آئی
حیدرآباد ویسٹ زون ڈی سی پی ستیہ نارائنا کی قیادت میں بنجارہ ہلز اور جوبلی ہلز پولیس نے مختلف مقامات پر کل آدھی رات سے آج صبح تک گھر گھر تلاشی مہم چلائی۔ اس مہم میں پولیس کے دو سو پچاس سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا ۔ مہم کے دروان غیر قانونی شراب کا کاروبار کرنے والے افراد، جوا کھیلنے والے افراد، لینڈ مافیا، چوروں ، طلائی زیورات اڑانے والے افراد کے علاوہ دیگر مشکوک جملہ65افراد کو حراست میں لے لیا گیا اور پانچ گاڑیوں کو ضبط کرلیا گیا۔ غیر قانونی شراب کاکاروبار کرنے والے اور جوا کھیلنے والے افراد کے پاس سے ایک لاکھ75ہزار روپے سے زائد رقم کے علاوہ شراب کی بوتلوں کو ضبط کیا گیا۔ پولیس نے بنجارہ ہلز اور جوبلی ہلز کے مقامات سنگاڑی، کنٹہ، رحمت نگر، کرشنا نگر، فلم نگر، گوری نگر بستی اور حکیم پیٹ میں گھر گھر تلاشی مہم چلائی جس کے دوران ناقابل ضمانت معاملات میں پولیس کو مطلوب ملزمین کو بھی حراست میں لیا گیا۔
ڈی سی پی ویسٹ زون ستیہ نارائنا نے واضح کیا کہ گرفتار افرا د کی مختلف سر گرمیوں میں ان کے رول کی تحقیقات کروائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کے خلاف پولیس کی یہ مہم جاری رہے گی۔جس کا مقصد جرائم کی وارداتوں کو روکنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے پولیس کمشنر مہیندر ریڈی کی ہدایت پر یہ تلاشی مہم مخصوص مقامات پر چلائی گئی جس کا مقصد جرائم کی روک تھام کے ساتھ ساتھ عوام کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منظم جرائم کے واقعات میں ملوث افراد اور غیر سماجی عناصر کی سرگرمیوں پر روک تھام کرنے کے لئے بھی یہ مہم چلائی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ جوبلی ہلز اور بنجارہ ہلز میں کئی اہم فلمی شخصیتوں اور سیاسی لیڈروں کے مکانات ہیں جہاں حالیہ عرصہ میں چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔
Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں