وزیر اعظم سے کے سی آر کی ملاقات - تلنگانہ کو درپیش مسائل پر بات چیت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-07

وزیر اعظم سے کے سی آر کی ملاقات - تلنگانہ کو درپیش مسائل پر بات چیت

نئی دہلی
پی ٹی آئی، یو این آئی
تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤنے آج نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ۔ مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کے درمیان کشیدگی کی اطلاعات کے بیچ یہ ملاقات ہوئی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ایک وفد نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرکے ریاست میں حال ہی میں منعقدہ گھر گھر متنازعہ سروے اور دیگرمسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔ یاد رہے کہ ٹی آر ایس کانگریس حکومت نے19اگست کو تلنگانہ بھر میں گھر گھر سروے منقد کرتے ہوئے شہریوں کی جامع تفصیلات اکٹھا کی تھیں۔ حکومت کے اس اقدام پر کئی گوشوں سے تنقید کی گئی ۔ اس سروے سے تلنگانہ میں مقیم سیماآندھرا کے شہریوں میں اندیشے پیدا ہوگئے تھے کہ تلنگانہ حکومت سیما آندھرا شہریوں کی نشاندہی کے ذریعہ انہیں ریاست سے نکالنا چاہتی ہے ۔ ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا کے کیشور راؤ نے وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہم نے وزیر اعظم کو سروے کے فائدوں کے بارے میں بھی مطلع کیا۔ کیشور راؤ نے کہا کہ یہ سروے حد سے زیادہ راشن کارڈس کی موجودگی کی اطلاعات کی تصدیق کے لئے منعقد کیا گیا تھا ۔ کیونکہ یہ حقیقت ہے کہ تلنگانہ میں جتنے خاندان ہیں اس سے زیادہ راشن کارڈس پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 80لاکھ خاندان ہیں اس کے برعکس1,2کروڑ راشن کارڈس کی موجودگی کیا معنی رکھتی ہے ۔ ہم جاننا چاہتے ہیں کہ اس کے پیچھے کون سی وجوہات کارفرما ہیں ۔اسی لئے ہم نے سوچا کہ واضح تصویر حاصل کرنے سروے منعقد کیاجائے ۔ سروے کے پیچھے ہمارے کوئی غلط ارادے نہیں تھے ، چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ہمراہ ان کی پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ نے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ کیشور راؤ نے مزید بتایا کہ وفد نے وزیر اعظم پر حیدرآباد کے لئے دوسرے ایر پورٹ پر غور کرنے کی درخواست کی ۔ انہوں نے وزیر اعظم سے کہا کہ شہر کے شمالی حصہ میں ایک ایرپورٹ کے قیام کی ضرورت ہے ۔ کیونکہ ہمارے پاس شہر کے جنوبی حصہ میں ایک بین الاقوامی ایرپورٹ موجود ہے ۔ ہم نے وزیر اعظم سے شہر کے شمالی حصہ میں ایک ایر پورٹ کی درخواست کی ۔ دہلی میں تلنگانہ کے خصوصی نمائندے دینو گوپال چاری نے بتایا کہ ملاقات30منٹ تک جاری رہی جس کے دوران برقی بحران سے لے کر ریاست میں تعلیمی اداروں کے قیام تک تقریباً20مسائل پر بات چیت ہوئی۔
یو این آئی کے بموجب کے چندر شیکھر راؤ نے وزیر اعظم کے ساتھ نئی ریاست کو در پیش مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں یہ بات بتائی گئی ۔ ملاقات کی مزید تفصیلات کا انکشاف نہیں کیا گیا۔ آندھرا پردیش کی تقسیم کے ذریعہ تلنگانہ کی تشکیل اور پھر ٹی آر ایس حکومت کے قیام کے بعد مرکزی اور ریاستی حکومت کے درمیان مختلف مسائل پر تعلقات کبھی بھی خوشگوار نہیں رہے ہیں۔ پولا ورم پراجکٹ اور حیدرآباد میں لا اینڈ آرڈر کے اختیارت گورنر کو حوالہ کرنے کے مسئلہ پر دونوں حکومتوں کے درمیان تعلقات میں کڑواہٹ برقرار ہے۔ تلنگانہ میں حال ہی میں جا مع گھریلوسروے منعقد کیا گیا تھا اس پر بھی باور کیاجاتا ہے کہ مرکزی حکومت کو اعتراض ہے ۔ کئی گوشوں نے اسے سیما آندھرا خاندانوں کی نشاندہی کے لئے اٹھایا گیا ایک قدم قرار دیاتھا۔ تاہم ریاستی حکومت نے اس کی سختی سے تردید کی۔ کے چندر شیکھر راؤ نے وزیر اعظم کے ساتھ تلنگانہ کو درپیش برقی بحران اور اے پی و تلنگانہ کے درمیان آل انڈیا سرویسس کیڈر کی تقسیم پر بھی بات چیت کی ۔ حیدرآباد سے موصولہ اطلاع کے بموجب تلنگانہ کے چیف منسٹر شہر میں7اکتوبر کو منعقد شدنی4روزہ میٹرو پولیس ورلڈ کانفرنس میں شرکت کے لئے نریندر مودی کو مدعو کیا۔

Telangana CM meets Modi, discusses Telangana issues

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں