سارا کشمیر ہندوستان سے حاصل کروں گا - بلاول بھٹو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-21

سارا کشمیر ہندوستان سے حاصل کروں گا - بلاول بھٹو

اسلام آباد
پی ٹی آئی
پاکستان کی ’’آئندہ نسل‘‘ کے سیاستداں بلاول بھٹو نے جن کی عمر20 اور30سال کے درمیان ہے، کہا ہے کہ ان کی پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) ’’سارا کشمیر‘ہندوستان سے حاصل کرے گی۔‘‘ بلاول بھٹو کل پنجاب کے علاقہ ملتان میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کررہے تھے ۔ اپنے ملک کے بااثر بھٹو خاندان کے چشم و چراغ بلاول نے کہا کہ’’میں سارا کشمیر واپس لوں گا۔ اس کا ایک انچ بھی پیچھے نہیں چھوڑوں گا کیونکہ دیگر صوبوں کی طرح یہ پاکستان کا ہے ۔‘‘ جس وقت بلاول بھٹو نے یہ ریمارکس کئے اس وقت ان کی ایک جانب یوسف رضا گیلانی اور دوسری جانب راجہ پرویز اشرف (دونوں سابق وزرائے اعظم) موجود تھے۔ بلاول جنہوں نے2018کے عام انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے، سیکولر جماعت پی پی پی کے شریک صدر نشین ہیں ، اور یہ جماعت سرکاری طور پر ہندوستان کے ساتھ بہتر تعلقات کی خواہاں ہے ۔ پاکستانی سیاستدانوں نے فوری شہرت کے حصول کے لئے بظاہر مسئلہ کشمیر کو کرید نے کا ہتھکنڈہ اپنایا ہے جیسا کہ پیپلز پارٹی کے شریک صدر بلاول بھٹو نے کشمیر کو ہندوستان سے واپس لینے کی بات کہی ہے ۔ ہندستان نے زبردست رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کے اتحاد اور سالمیت پر بات چیت ناممکن ہے ۔وزارت خارجہ ہند کے ترجمان سید اکبر الدین نے کہا ہے کہ پیش بینی کے عمل کے یہ معنی نہیں ہیں کہ سرحد تبدیل ہوجائے گی ۔’’مجھے کسی ایسی بات پر تبصرہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے جو بعید از حقیقت ہے۔ ہم آگے دیکھنے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں لیکن اس کے معنی یہ نہیں ہیں کہ سرحدیں تبدیل ہوجائیں گی۔‘‘ بی جے پی اور کانگریس نے بلاول بھٹو کے اس بیان پر فوری جوابی رد عمل ظاہر کیا۔ بی جے پی ترجمان شاہنواز حسین نے کہا کہ بلاول بھٹو کا یہ بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے ۔ پاکستان کو کشمیر پر کچھ کہنے کا حق حاصل نہیں ہے ۔ حقیقت تو یہ ہے کہ کشمیر کا جو حصہ پاکستان میں ہے، وہ بھی ہندستان ہی کا ہے۔ ہم کشمیر کے معاملہ پر متحد ہیں۔
کانگریس نے بھی اس معاملہ میں بی جے پی کی آواز سے آواز ملاتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر ہندوستان کا اٹوٹ اور ناقابل تقسیم حصہ ہے ۔ پارٹی لیڈر سندیپ ڈکشت نے کہا کہ کشمیر کے کچھ حصوں کے تئیں مسائل ہیں ۔ چنانچہ یہ کہنا انتہائی غلط ہے کہ کشمیر کے معاملہ کا پاکستان سے کچھ لینا دینا ہے ۔ موصولہ خبر میں کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو جو صوبہ پنجاب میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے گئے تھے ، ملتان میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کررہے تھے ۔ بلاول کے بارے میں یہ افواہیں گشت کررہی ہیں کہ سابق وزیر خارجہ پاکستان حنا ربانی کھر سے ان کا کوئی معاملہ(معاشقہ) ہے۔ پارٹی امور کے سلسلہ میں بلاول اپنے والد کے ساتھ غلط فہمی یا ناراضگی کے بعد دبئی چلے گئے تھے۔ واپسی کے بعد انہوں نے آئندہ عام انتخابات میں مقابلہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ اپنے سیاسی کیرئیر کا رسمی آغاز انہوں نے اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر دسمبر2012میں کیا۔ بلاول کی والدہ بے نظیر بھٹو( مرحومہ) دو مرتبہ پاکستان کی وزیر اعظم منتخب ہوئی تھیں ۔ بلاول کے نانا ذوالفقار علی بھٹو نے1967میں پاکستان پیپلز پارٹی کی بنا ڈالی تھی ۔ اور وہ1970کے دہے میں پاکستان کے وزیر اعظم رہے تھے۔ بلاول کے والد آصف علی زرداری 2008تا2013پاکستان کے منصب صدارت پر فائز تھے ۔

I will take back entire Kashmir from India: Bilawal Bhutto

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں