مہاراشٹرا میں اتحادی جماعتوں کے درمیان تعطل برقرار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-21

مہاراشٹرا میں اتحادی جماعتوں کے درمیان تعطل برقرار

ممبئی
پی ٹی آئی/ یو این آئی
مہاراشٹرا اسمبلی کے لئے 15اکتوبر کو ہونے والی رائے دہی کا اعلامیہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردیا گیا ہے تاہم ابھی تک ریاست میں بر سر اقتدار اتحاد اور اپوزیشن اتحاد میں نشستوں کی تقسیم پر کوئی مفاہمت نہیں ہوئی ہے ۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ اس کی جانب سے نشستوں کی تقسیم کے لئے این سی پی کو جو تجاویز روانہ کی گئی تھیں اس پر ابھی تک کوئی مثبت رد عمل سامنے نہیں آیا ہے ۔مہاراشٹرا پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مانک راؤ ٹھاکرے نے بتایا کہ بات چیت جاری ہے ۔ اسی دوران بی جے پی نے کہا ہے کہ15اکتوبر کو منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے اس نے شیو سینا کو جو تجویز روانہ کی تھی اس پر کوئی نئی تجویز سامنے نہیں آئی ہے اس لئے وہ اپنے امیدواروں کی فہرست کل دہلی میں پارلیمانی بورڈ کو پیش کردے گی ۔ ریاست میں بی جے پی کے انتخابی مہم کے انچارج اوم ماتھر نے بتایا کہ نشستوں کی تقسیم پر بات چیت کا عمل جاری ہے اور جب بھی ضرورت پیش آئے گی بات چیت ہوگی ۔ اودھو ٹھاکرے کے اس بیان پر کہ سینا نے اپنی تجاویز بی جے پی کو پیش کردی ہیں تو ماتھر نے کہا کہ ہمیں کوئی تجویز نہیں ملی ہے۔ شیو سینا ،بی جے پی کو119نشستیں دینا چاہتی تھی جب کہ بی جے پی نصف نشستوں کا مطالبہ کررہی تھی ۔

پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب الیکشن کمیشن نے288رکن مہاراشٹرا اسمبلی اور90رکنی ہریانہ اسمبلی کے انتخابات کے لئے اعلامیہ جاری کردیا ہے ۔ اس کے علاوہ حلقہ لوک سبھا بیڑ کے لئے بھی ضمنی انتخابات منعقد ہوں گے ۔ بی جے پی لیڈر گوپی ناتھ منڈے کی حادثہ میں موت کی وجہ سے یہ نشست خالی ہوگئی تھی ۔ چیف الکٹورل آفیسر مہاراشٹرا نے بتایا کہ آج سے نامزد گیاں داخل کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے ۔ مہاراشٹرا میں8.28کروڑ رائے دہندوں کوووٹ دینے کا اہل قرارد یا گیا ہے ۔ 27ستمبر کو نامزدگیاں داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے جب کہ یکم اکتوبر کونامزدگیاں واپس لی جاسکتی ہیں ۔ 15اکتوبر اسمبلی کی میعاد 8نومبر کو ختم ہورہی ہے ۔288نشستوں کے منجملہ29ایس سی کے لئے اور25ایس ٹی امیدواروں کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں